• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

کورونا وائرس: یو اے ای میں جمعے کے اجتماعات 10 منٹ میں مکمل کرنے کی ہدایات

شائع March 5, 2020
مساجد کے منتظمین کو ہدایات جاری کردی گئیں—فائل فوٹو: گلف نیوز
مساجد کے منتظمین کو ہدایات جاری کردی گئیں—فائل فوٹو: گلف نیوز

کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کو محض 10 کے اندر مکمل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

جہاں کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نطر دنیا بھر میں حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں وہیں مسلمان ممالک میں مساجد کے اجتماعات کو مختصر وقت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اس سے قبل سعودی عرب نے عارضی طور پر عمرے پر بھی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ وہاں کم سے کم لوگ جمع ہوں۔

اسی طرح دنیا کے دیگر ممالک میں بھی چرچز، مندروں اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں بھی مذہبی تقریبات کو محدود یا منسوخ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: سعودی عرب نے عمرے پر عارضی پابندی لگادی

نہ صرف مذہبی عبادات بلکہ فلموں کی نمائش کو بھی منسوخ کیا گیا ہے، جب کہ کاروباری مارکیٹوں کو بھی محدود کرکے دنیا بھر کے ملٹی نیشنل دفاتر میں ملازمین کی کم سے کم موجودگی کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

کئی ممالک میں کھیلوں کے مقابلے بھی منسوخ کرکے، کچھ میوزیم اور دیگر عوامی مقامات کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے یا پھر وہاں کم سے کم لوگوں کی موجودگی کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ایسے ہی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کی مذہبی اتھارٹی نے بھی نماز جمعہ کے اجتماعات کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مذہبی اتھارٹی نے ملک بھر کے پیش اماموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نماز جمعہ کے اجتماعات کو 10 منٹ کے اندر مکمل کریں۔

مذہبی اتھارٹی نے مساجد کے منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ نماز پڑھانے کے دوران صرف 2 آیات کی تلاوت کریں اور کوشش کریں کہ دعا نہ کرائیں اور اگر دعا لازمی ہے تو انتہائی اہم دعا کراکر اجتماع کو 10 منٹ میں مکمل کرلیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان ہدایات پر عمل کتنے وقت تک جاری رہے گا اور کیا نماز جمعہ کے علاوہ دیگر نمازوں کے اجتماع کو بھی محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے یا نہیں۔

دبئی کے مندروں نے ہولی کی تقریبات منسوخ کردیں

دوسری جانب خلیج ٹائمز نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ دبئی کے علاقے بر دبئی میں موجود ہندو مذہب کی عبادت گاہوں نے بھی مذہبی تہوار ’ہولی‘ کی تقریبات کو منسوخ کردیا ہے جب کہ ہولی کے موقع پر ہونے والی عبادتوں کو بھی مختصر وقت میں سر انجام دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مندروں کے منتظمین نے تصدیق کی کہ کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مندروں میں ’ہولی‘ کی ہونے والی عام تقریبات کو منسوخ کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر

منتظمین کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان مندروں میں ہولی کی تقریبات چھوٹی ہوتی ہیں جن میں بہت زیادہ لوگ شامل نہیں ہوتے تاہم پھر بھی انہوں نے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر انہیں منسوخ کردیا ہے۔

مندروں کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ہولی کے موقع پر ہونے والی عبادات مندروں کے پوجاری سر انجام دیں گے اور وہاں عبادات کے لیے آنے والے افراد کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ مختصر دعا اور عبادات کے بعد فوری طور پر مندر کی حدود سے نکل جائیں۔

مندروں کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ مندروں کی حدود میں کم سے کم لوگ موجود ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024