• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

زینب الرٹ بل اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود سینیٹ سے منظور

شائع March 4, 2020
زینب بل سینیٹ سے منظور ہوگیا—فائل/فوٹو:اے پی
زینب بل سینیٹ سے منظور ہوگیا—فائل/فوٹو:اے پی

سینیٹ میں اپوزیشن کے کئی اراکین کی مخالفت کے باوجود زینب الرٹ بل کو منظوری دی گئی جس کو قومی اسمبلی پہلے ہی منظور کرچکی ہے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا جہاں وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے زینب الرٹ بل منظوری کے لیے پیش کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے وفاقی وزیر کی جانب سے بل کو منظوری کے لیے پیش کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ وزیر ایوان میں موجود نہیں ہیں جبکہ بل پر رپورٹ کل پیش کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بل میں کچھ نکات ہیں جن پر نظر ڈالنی چاہیے، بچوں کو زیادتی اور قتل کے ارادے سے اغوا کرنے والوں کے لیے یہ سزا کم ہے، مجرمان کے لیے سزا بڑھائی جائے، صرف عمر قید کی سزا کم ہے۔

مزید پڑھیں:زینب الرٹ بل قومی اسمبلی سے منظور

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دباؤ کے ذریعے قصاص کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، قصاص کو ختم کرنے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ زینب الرٹ بل میں کمزوریاں ہیں جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مشتاق احمد نے ہاؤس کو ڈکٹیٹ کرنا شروع کردیا ہے، اس طرح ایوان نہیں چلے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ بہت سی باتیں کی جا رہی ہیں جن میں وزن بھی ہے لیکن بل پہلے قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ کمیٹی میں زیر غور رہا اور اب ساری قوم دیکھ رہی ہے کہ بل منظور ہو۔

شفقت محمود نے کہا کہ بل کو پاس کر دیں، ترامیم بعد میں شامل کر دیں گے۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ایسے درندوں کو الٹا لٹکانے چاہیے اور پھانسی دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترامیم آتی رہیں گی اس لیے اس وقت بل کو منظور کروانا ناگزیر ہے۔

فیصل جاوید خان نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ہر جگہ اٹھارویں ترمیم درمیان میں آجاتی ہے جس پر اپوزیشن ارکان نے ان کی تقریر کے خلاف احتجاج کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر قراۃ العین مری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے بات کرنے کا یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے زینب الرٹ بل کی منظوری دے دی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا فیض محمد زینب الرٹ بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ قصاص کا مسئلہ ہے، کوئی کسی کو قتل کرے تو اس کے لیے شریعت میں قصاص ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریپ اور قتل کی سزا میں قصاص کو شامل کریں۔

چیئرمین پی پی پی کے ترجمان مصطفیٰ نوا ز کھوکھر نے اس موقع پر کہا کہ بل پر سات یا اٹھ اجلاس منعقد ہوئے، بل میں ہم نے کچھ ترامیم کی اور ملک میں رائج قانون کے مطابق والدین کا بچہ گم ہو تو پولیس فوراً ایف آئی آر درج نہیں کرتی جس کے باعث بچے کے لاپتہ ہونے پر شروع کا وقت ضائع ہوجاتا ہے۔

وفاقی وزیر اعظم سواتی کی جانب سے پیش کیا گیا زینب الرٹ بل کو سینیٹ نے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن اراکین نے بل کی فوری منظوری پر احتجاج کیا۔

زینب الرٹ بل کا اطلاق پورے ملک پر ہو گا جس کے تحت زینب الرٹ، ردعمل اور زینب الرٹ ریسپونس اینڈ ریکوری ایجنسی (ZARRA) قائم کی جائے گی جو اغوا اور لاپتہ بچوں کی ریکوری کے حوالے سے کام کرے گی، پولیس دو گھنٹے کے اندر بچے کے اغوا یا لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر درج کرے گی۔

بل کے مطابق پولیس فیکس، ای میل، موبائل، ٹیلی فون کال کے زریعے زارا کو اطلاع دی گی، اگر زارا کو بچے کے لاپتہ ہونے کی خبر ملے گی تو وہ متعلقہ پولیس اسٹیشن کو فوری آگاہ کرے گی اورپولیس اسٹیشن کا افسر اغوا کو ضابطہ فوجداری کے سیکشن 154 کے تحت قابل شناخت کے تحت درج کرے گا۔

تحقیقات کرنے والے پولیس افسر کے پاس کوڈ آف کرمنل پروسیجر کے تحت اختیارات ہوں گے، جو پولیس افسر بچے کی گمشدگی کی ایف آئی آر اندراج میں تاخیر کرے گا یا رکاوٹ ڈالے گا اسے دو سال تک سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔

بل میں کہا گیا ہے کہ کیس میں پاکستان پینل کوڈ کے تحت سیکشن 292اے 292 بی ، سیکشن 328 ، 328 اے ، 361, 362,364, 364A, 365, 369 , 369A, 372, 373, 375, 377, 377 A کی دفعات شامل ہوں گی۔

زینب الرٹ بل میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع کا سیشن جج خصوصی طور پر کیس مجسٹریٹ یا جج کے حوالے کرے گا جو کیس کو تین ماہ میں نمٹا دے گا۔

کم عمری میں شادی کابل ایجنڈے میں شامل کیوں نہیں، شیری رحمٰن

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ کم عمر لڑکیوں کی شادی کا بل لے کر آئیں، اس بل کو ایجنڈے میں شامل کیوں نہیں کیا جا رہا ہے، حکومت اس بات کا جواب دے۔

مزید پڑھیں:سینیٹ کمیٹی: زینب الرٹ بل کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے کی ترمیم منظور

انہوں نے کہا کہ حکومت کو قانون سازی میں عجلت ہے اور ہونی بھی چاہیے، آج نئے وزرا بھی ایوان میں موجود ہیں جو ہمارے لیے نئی بات ہے۔

زینب الرٹ بل

ریپ اور قتل کا نشانہ بننے والی قصور کی کمسن زینب انصاری کی لاش کے ملنے کے ٹھیک 2 سال بعد رواں برس 10 جنوری کو قومی اسمبلی نے زینب الرٹ ریکوری اینڈ رسپانس ایکٹ 2019 متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔

مذکورہ بل وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے جون 2019 میں قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

منظور کردہ بل کے مطابق 'بچوں کے خلاف جرائم پر عمر قید، کم سے کم 10 سال اور زیادہ سے زیادہ 14 سال سزا دی جاسکے گی جبکہ 10 لاکھ کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا'۔

علاوہ ازیں لاپتہ بچوں کی رپورٹ کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے گی اور 18 سال سے کم عمر بچوں کا اغوا، قتل، زیادتی، ورغلانے اور گمشدگی کی ہنگامی اطلاع کے لیے زینب الرٹ ریکوری اینڈ رسپانس ایجنسی بھی قائم کی جائے گی۔

بل میں کہا گیا تھا کہ 'جو افسر بچے کے خلاف جرائم پر دو گھنٹے میں ردعمل نہیں دے گا اسے بھی سزا دی جاسکے گی'۔

یہ بھی پڑھیں:بچوں کا اغوا، ریپ روکنے کیلئے 'زینب الرٹ بل' کا ابتدائی مسودہ منظور

بل کی منظوری کے وقت کہا گیا تھا کہ قانون صرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لاگو ہوگا تاہم سینیٹ قائمہ کمیٹی نے اس کا دائرہ کار پورے ملک تک وسیع کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

سینیٹ کا خواتین کو خراج تحسین

سینیٹ میں یوم خواتین کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کرلی گئی جس کو سینیٹر سیمی ایزدی نے پیش کیا اور کہا کہ یہ دن بہادر خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اسلام خواتین کو عزت کا مقام فراہم کرتا ہے۔

سینیٹر نے مطالبہ کیا کہ حکومت صنفی برابری کے لیے اقدامات کرے، یہ ایوان پاکستانی خواتین کی کامیابی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، حکومت خواتین کے آئینی حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدمات کرے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ حکومت خواتین کو ہراسانی سے تحفظ اور ملازمت میں برابری کے مواقع فراہم کرے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024