بین نے گلیڈی ایٹرز کو 'ڈنک' مار کر پی ایس ایل کا نیا ریکارڈ بنا دیا
لاہور قلندرز کے آسٹریلین بلے باز بین ڈنک نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
منگل کو لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک بھرپور فارم میں نظر آئے اور انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف چھکوں کی بارش کردی۔
5انٹرنیشنل ٹی20 میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے جارح مزاج بلے باز جب وکٹ ہر آئے تو لاہور قلندرز کی ٹیم 50رنز پر 3وکٹیں گنوا کر گزشتہ میچوں کی طرح ایک مرتبہ پھر مشکلات سے دوچار تھی۔
مزید پڑھیں: اس میچ میں شکست شاید قلندروں کے اپنے بس میں بھی نہیں تھی!
تاہم اس موقع پر بین ڈنک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سمیت پٹیل کے ہمراہ 155رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی بڑے مجموعی تک رسائی یقینی بنائی۔
دونوں کھلاڑیوں نے ناصرف پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی شراکت بنائی بلکہ اس کی بدولت لاہور قلندرز نے 5وکتوں کے نقصان پر 209رنز بنائے جو لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا اب سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
سمیت پٹیل نے 71 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بین ڈنک کی اننگز دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی جنہوں نے 43 گیندوں پر ریکارڈ ساز 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 93رنز بنائے۔
اس دوران انہوں نے محمد نواز کے ایک اوورز میں لگاتار 4 چھکے بھی لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں قلندرز کو پی ایس ایل 2020 کی پہلی فتح مل گئی
اس اننگز کی بدولت بین ڈنک نے پاکستان سپر لیگ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا جہاں اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کی ایک اننگز زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر 5 بلے بازوں کے نام تھا۔
اس سے قبل عمر اکمل، شرجیل خان، کامران اکمل، کیون پیٹرسن اور کولن انگرام ایک اننگز میں 8چھکے لگا کر اس ریکارڈ میں حصے دار تھے۔