• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

واٹس ایپ کے صارفین کا 2 سالہ انتظار ختم ہونے کے قریب؟

شائع March 3, 2020
— فوٹو بشکریہ واٹس ایپ فیس بک پیج
— فوٹو بشکریہ واٹس ایپ فیس بک پیج

واٹس ایپ کے کروڑوں صارفین گزشتہ 2 سال سے بے صبری سے اس مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن میں ڈارک تھیم کے فیچر کا انتظار کررہے ہیں۔

مقبول ترین موبائل ایپس میں شامل ہونے کے باوجود واٹس ایپ میں تاحال ڈارک موڈ کا فیچر متعارف نہیں کرایا گیا، حالانکہ واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی فیس بک نے 2018 میں جلد پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا اور جب سے ہی اس پر کام ہورہا ہے۔

جنوری میں پہلے واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں اس فیچر کو متعارف کرایا گیا اور پھر آئی او ایس بیٹا ایپ میں اسے پیش کیا گیا، جبکہ گزشتہ دنوں واٹس ایپ ویب میں بھی ڈارک تھیم نظر آنے لگی، مگر اب لگتا ہے کہ یہ کمپنی تمام صارفین تک اس کی رسائی کو بہت جلد ممکن بنانے والی ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹا پر نظر رکھنے والے بلاگ WABetaInfo کے مطابق کمپنی نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں اپنی پروفائل تصویر کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔

ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام ہر جگہ پہلے واٹ ایپ کی پروفائل تصویر میں واٹس ایپ کا لوگو سبز پس منظر کے ساتھ موجود تھا مگر اب تینوں پلیٹ فارمز میں بلیک بیک گراﺅنڈ والی تصویر لگادی گئی ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے یہ فیچر بہت جلد ایپ اور ویب انٹرفیس پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

اس فیچر کی بدولت صارفین کو لائٹ یا ڈارک تھیم کو منتخب کرنے کا موقع ملے گا جبکہ سسٹم ڈیفالٹ تھیم سے بھی ایسا ممکن ہوسکے گا اگر اینڈرائیڈ 9 یا اس کے بعد کا آپریٹنگ سسٹم والا فون استعمال کررہے ہوں تو۔

ڈارک موڈ کے حوالے سے واٹس ایپ میں ڈارک سولڈ وال پیپرز کا اضافہ بھی گزشتہ ماہ کردیا گیا تھا جو کہ تمام صارفین کو دستیاب ہے۔

اس نئے اضافے سے ڈارک موڈ کو زیادہ بہتر بنانے میں مدد مل سکے گی کیونکہ اگر ڈارک موڈ کے ساتھ ہلکے رنگوں کے وال پیپر ان ایبل ہوں تو اسکرین کی روشنی برائٹ ہی رہتی ہے اور ڈارک تھیم کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

گہرے رنگوں کے وال پیپرز سے ڈارک موڈ میں واٹس ایپ چیٹس زیادہ بہتر نظر آئیں گی۔

خیال رہے کہ نومبر 2018 میں گوگل نے بتایا تھا کہ مختلف ایپس میں ڈارک موڈ اسمارٹ فون کی بیٹری کی زندگی بچانے میں مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے کہنا تھا کہ آپریٹنگ سسٹمز اور ایپس میں ڈارک موڈ کی موجودگی بیٹری لائف کو بڑھاتی ہے کیونکہ ڈارک موڈ سے نارمل موڈ کے مقابلے میں ڈیوائس کم بیٹری پاور استعمال کرتی ہے، کیونکہ نارمل موڈ میں اسکرین بہت زیادہ سفیدی استعمال کرکے بیٹری جلد خرچ کرتا ہے۔

ڈارک موڈ کا استعمال اسمارٹ فون سے خارج ہونے والی روشنی سے آنکھوں پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024