پی ایس ایل میں آج قلندرز اور گلیڈی ایٹرز مدمقابل
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لاہور قلندرز کے مدمقابل ہو گی۔
دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔
لیگ میں رواں سال پھر ناکامیوں سے دوچار لاہور قلندرز کی ٹیم شکستوں کی ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد اب فتح کے ساتھ ایونٹ میں واپسی کے لیے پرجوش ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو پانچ میں سے تین میچوں میں کامیابی نصیب ہوئی لیکن گزشتہ ایونٹس کے برعکس ان کی کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے پریس کانفرنس میں بہترین کارکردگی دکھانے اور ایونٹ میں واپسی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم تینوں میچز جیت سکتے تھے مگر اہم مواقع پر غلطیاں کیں۔
دفاعی چیمپین گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے لاہور کو آسان حریف سمجھنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی20 میں کوئی حریف بھی آسان نہیں ہوتا۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل پی ایس ایل میں 8 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں جہاں 5 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 3 میں لاہور قلندرز نے فتوحات حاصل کیں۔
پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم چار فتوحات کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ کوئٹہ کا دوسرا اور کراچی کنگز کا تیسرا نمبر ہے۔