• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

کورونا وائرس: ملک کے 4 ایئرپورٹس پر خودکار تھرمل اسکینرز نصب

شائع March 2, 2020
تھرمل اسکینرز سے کوروناوائرس کی علامات کو چیک کیا جاسکے گا—فائل فوٹو:
تھرمل اسکینرز سے کوروناوائرس کی علامات کو چیک کیا جاسکے گا—فائل فوٹو:

راولپنڈی: بیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی علامات دیکھنے کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور کے ایئرپورٹس پر خودکار تھرمل اسکینرز نصب کردیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹس پر میڈیکل ٹیمز کو تعینات کردیا گیا تھا جنہوں نے اب تک بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے 6 لاکھ سے زائد مسافروں کو اسکین کیا۔

ابتدائی طور پر ایک تھرمل اسکینر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی آئی اے) پر نصب کیا گیا تھا جب کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کو بھی یہ مشینز فراہم کردی گئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز سامنے آگئے، ڈاکٹر ظفر مرزا

ایئرپورٹس پر نصب کیے گئے تھرمل اسکینرز صحت حکام کو مسافروں کی اسکیننگ کم سے کم وقت میں مکمل کرنے میں مدد دیں گے۔

تمام بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں اور عملے کے افراد کو کورونا وائرس کی علامات دیکھنے کے لیے اسکین کیا جائے گا اور مشتبہ مسافر کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور بعدازاں انہیں مزید علاج کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے 5 جدید اسکینرز کو درآمد کیا تھا، جس میں سے 4 ایئرپورٹس پر نصب کردیے گئے جبکہ ایک اسکینر کو ضرورت پڑنے پر استعمال کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔

چمن پر پاک-افغان سرحد بند کرنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے 4 تصدیق شدہ کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں نے احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے پڑوسی ممالک سے سرحد بند کرنے اور صوبہ سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش کا بھی اعلان کیا تھا۔

اسی سلسلے میں حکومت نے پیر (آج) سے چمن سے افغان سرحد کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سینئر سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر چمن پر پاک افغان سرحد کو ایک ہفتے کے لیے بند کیا جائے گا اور کسی کو بھی سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سمیت متعدد امراض سے بچنے کا آسان ترین نسخہ

وزارت داخلہ کی جانب سے یہ فیصلہ پڑوسی ملک میں کچھ کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد لیا گیا۔

ادھر حکومت سندھ نے گزشتہ روز صوبے میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ بلوچستان کے صوبائی وزیرتعلیم سردار یار محمد رند نے بھی کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024