• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

گوادر میں تعمیرات پر 4 سال سے عائد پابندی ختم

شائع February 29, 2020
تعمیرات اور ترقیاتی سرگرمیوں پر پابندی مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں لگائی گئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
تعمیرات اور ترقیاتی سرگرمیوں پر پابندی مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں لگائی گئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

گوادر: کسی بھی قسم کی ترقیاتی سرگرمیوں اور تعمیرات کے لیے تصدیق نامہ عدم اعتراض (این او سی) جاری کرنے پر 4 سال سے عائد پابندی فوری طور پر اٹھالی گئی۔

گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے اس پابندی کو ختم کیا جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں لگایا گیا تھا۔

اس ضمن میں جاری کردہ نوٹیفکیشن میں لکھا گیا کہ ’جی ڈی اے ایکٹ 2003 کی دفعہ 9 کے تحت دیے گئے اختیارات اور متعلقہ حکام کی منظوری کے نتیجے میں یہ مطلع کیا جارہا ہے کہ گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کار میں رہائشی، تجارتی، صنعتی، تفریحی، گوداموں اور ہر قسم کی تعمیرات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے این او سی پر سے ہر طرح کی پابندی فوری طور پر ختم کی جارہی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:گوادر ماسٹر پلان کے حتمی فیصلے تک ہاؤسنگ اسکیموں پر پابندی برقرار

خیال رہے کہ 2016 میں جی ڈی اے نے ابتدائی طور پر 6 ماہ کے لیے پابندی اس لیے لگائی تھی کہ وہ گوادر کے ماسٹر پلان کو ’اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان‘ بنانے کے لیے نظرِ ثانی کا عمل کررہی تھی تاکہ جدید دور کے ساحلی شہر کے تقاضوں پر پورا اترا جاسکے۔

اتھارٹی نے اُس وقت کہا تھا کہ ماسٹر پلان میں کسی بھی نظر ثانی کے لیے بنیادی ضرورت کے طور پر ’ماسٹر پلان کی منصوبہ بندی کے مقاصد کو آسان بنانے کے لیے ایک مستحکم صورتحال کی ضرورت ہے‘۔

اس وجہ سے ’رہائشی، تجارتی اور صنعتی منصوبوں، تجارتی اور صنعتی عمارتوں کے لیے ترقیاتی اور فروخت کے این او سی جاری کرنے کے ساتھ ساتھ گوادر میں لینڈ ڈیولپمنٹ اجازت ناموں پر مکمل پابندی‘ کا اعلان کردیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں جی ڈی اے نے تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے کہا ہے کہ کسی بھی منصوبہ بندی یا ترقیاتی سرگرمی کے لیے اتھارٹی سے این او سی حاصل کریں تاکہ گوادر کے ماسٹر پلان کے مطابق مربوط ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

مزید پڑھیں: گوادر بندرگاہ سے متعلق ’غیر معمولی‘ خیالات مسترد

واضح رہے کہ گوادر کے ماسٹر پلان پر کئی برسوں سے کام جاری تھا تاہم ستمبر 2019 میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی نے کہا تھا کہ ان کی حکومت نے گوادر کا نیا ماسٹر پلان منظور کر کے جاری کردیا ہے۔

گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی تھی تاکہ جے ڈی اے کے امور پر نظر ثانی کی جائے۔

اس اجلاس میں گوادر کے ماسٹر پلان کے تناظر میں جی ڈی اے کے ضمنی قوانین پر نظرِ ثانی کی گئی تھی اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ضمنی قوانین کے منظور ہونے کے بعد تعمیرات کے لیے این او سی جاری کردیے جائیں گے۔


یہ خبر 29 فروری 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024