• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاک ۔ ایران سرحد عارضی طور پر کھول دی گئی، 300 پاکستانیوں کی واپسی شروع

شائع February 28, 2020 اپ ڈیٹ February 29, 2020
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کے ویزا کی مدت ختم ہونے والی تھی —فائل فوٹو: ڈان نیوز
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کے ویزا کی مدت ختم ہونے والی تھی —فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسسٹنٹ کمشنر تفتان نجیب اللہ قمبرانی نے تصدیق کی ہے کہ پاک ۔ ایران سرحد عارضی طور پر کھول دی گئی ہے جس کے بعد ایران میں پھنسے تقریباً 300 پاکستانیوں کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

نجیب اللہ قمبرانی نے بتایا کہ مذکورہ فیصلے کے تحت ایران میں پھنسے 250 سے 300 پاکستانی ملک میں واپس آسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ واپس آنے والوں میں زائرین سمیت دیگر پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق

اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ایران میں پھنسے پاکستانیوں کے ویزا کی مدت ختم ہونے والی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والوں کی اسکریننگ کی جارہی ہے اور واپس آنے والوں کو ہر صورت قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

نجیب اللہ قمبرانی نے واضح کیا کہ واپس آنے والے دیگر شہریوں کو تسلی بخش اسکریننگ کے بعد ہی جانے دیا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاک ایران سرحد پر پھنسے تقریباً 350 پاکستانیوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر ایران کی سرحد پر پانچوں داخلی مقامات تفتان، گوادر، تربت، پنجگور اور واشوک کو عارضی طور پر بند کردیا تھا۔

اس وقت ایران میں لگ بھگ 5 ہزار پاکستانی زائرین موجود ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں 22 سالہ نوجوان میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے دوسرے کیس کی بھی تصدیق کردی تھی۔

مزید پڑھیں: کیا پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'دونوں کیسز کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکولز کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں افراد کی حالت مستحکم ہے۔'

کورونا وائرس گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے دارالحکومت ووہان میں سامنے آیا تھا جس کے بعد جنوری میں مزید کیسز سامنے آگئے تھے اور چین نے سخت اقدامات کیے تھے۔

دنیا کے سب سے بڑے آبادی کے حامل ملک میں شروع ہونے والے اس مہلک وائرس سے مزید 71 ہلاکتیں ہو گئی ہیں جس سے صرف چین میں اس وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2ہزار 633 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 77 ہزار سے زائد افراد اب تک اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے؟

چین کے بعد سب سے زیادہ 977 کیسز جنوبی کوریا سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 10 افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں، کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایران دوسرے نمبر پر ہے جہاں 19 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024