• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

منگولین صدر کو چین کے دورے سے واپسی پر قرنطینہ کردیا گیا

شائع February 28, 2020
کورونا وائرس چین اور ایشیا سے نکل کر دنیا کے دوسرے خطوں میں پہنچ چکا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس چین اور ایشیا سے نکل کر دنیا کے دوسرے خطوں میں پہنچ چکا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

منگولیا کے صدر اور ان کے پورے وفد کو کورونا وائرس سے متاثرہ چین کے سرکاری دورہ کرنے کے بعد واپس ملک پہنچنے پر 14 دن کے لیے قرنطینہ کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق منگولیا کے صدر خلتماگین بٹولگا نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے لیے چین کا دورہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کرغزستان کا چین کے شہریوں کو نئے ویزے دینے سے انکار

چین میں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود منگولیا کے صدر کا سرکاری دورہ منسوخ نہیں کیا گیا تھا۔

لیکن منگولین حکام نے فیصلہ کیا کہ ان کے صدر اور وفد کو حفاظتی قواعد سے گزرنا پڑے گا۔

مقامی خبر رساں ادارے 'مونٹسم' کے مطابق منگولین صدر اور ان کے ہمراہ سرکاری دورہ کرنے والے تمام عہدیداروں کو 2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ اس وقت کورونا وائرس چین اور ایشیا سے نکل کر دنیا کے دوسرے اور تقریباً تمام خطوں میں 50 سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 84 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

تاہم اب اس وائرس کے چین میں کم کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، اگرچہ اب بھی سب سے زیادہ کیسز چین میں ہی رپورٹ ہو رہے ہیں لیکن اب وہاں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین: ایک ہی دن میں کورونا کے 3 ہزار 622 مریض صحت یابی کے بعد ڈسچارج

چینی خبر رساں ادارے ’زنہوا‘ کے مطابق 27 فروری کی شب تک کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے خصوصی ہسپتالوں سے مزید 3 ہزار 622 مریضوں کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 28 فروری کی صبح تک چین کے 31 صوبوں اور وفاقی علاقوں سے کورونا وائرس کے مریضوں کے کیسز کی تعداد 78 ہزار 824 تک پہنچ گئی تھی۔

مذکورہ 78 ہزار مریضوں میں سے 36 ہزار 117 مریض صحت یاب ہو چکے تھے۔

اسی طرح چین میں وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 788 تک پہنچ گئی تھی۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور امریکی صحت سے متعلق اداروں کے تعاون سے چلنے والے آن لائن میپ سینٹر فار سسٹمز سائنس اینڈ انجنیئرنگ کے چین کے علاوہ بھی دیگر ممالک سے کورونا وائرس کے مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا سے بچاؤ کی ویکسن تیار کرلی، اسرائیلی سائنسدانوں کا دعویٰ

گزشتہ روز تک دنیا بھر میں وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 32 ہزار 898 تھی جو 28 فروری کی دوپہر تک بڑھ کر 36 ہزار 652 تک پہنچ گئی۔

چین کے علاوہ جاپان، جنوبی کوریا، ویتنام، فرانس، برطانیہ، روس، آسٹریلیا، اسپین، ایران، امریکا، مصر اور فن لینڈ سمیت دیگر ممالک میں بھی وائرس سے متاثرہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

اگرچہ تاحال کورونا وائرس سے بچاؤ کی خصوصی ویکسین یا دوا تیار نہیں کی گئی تاہم ماہرین صحت مریض کی رپورٹس کی روشنی میں متبادل ادویات سے ان کا علاج کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024