• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ریلوے میں 10 مئی سے قبل انقلاب لایا جارہا ہے، شیخ رشید

شائع February 28, 2020
نواز شریف کو پاکستان واپس آتا نہیں دیکھ رہا، شیخ رشید احمد — فوٹو: اے پی پی
نواز شریف کو پاکستان واپس آتا نہیں دیکھ رہا، شیخ رشید احمد — فوٹو: اے پی پی

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 10 مئی سے پہلے پہلے پاکستان ریلوے میں انقلاب لایا جا رہا ہے اور منظم طریقے سے ریلوے کی کارکردگی میں بہتری اور اس کی آمدنی میں اضافہ یقینی بنایا جارہا ہے۔

فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنویئر بیلٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ جہاں پرانی ٹرینوں اور خستہ روٹس کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے وہیں نئی ٹرینیں بھی چلانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے جلد پاکستان ریلوے اپنی معیاری خدمات کی وجہ سے منافع حاصل کرنے لگے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ تک نہ صرف اپنا خسارہ ختم بلکہ روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع پیدا کرکے ریلوے کو مثالی ادارہ بنایا جائے گا جبکہ 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہونے والی فیصل آباد ڈرائی پورٹ کی کنویئر بیلٹ کی تکمیل سے ریلوے کو روزا نہ 95 لاکھ اور ماہانہ ایک ارب روپے تک کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ میں پیش کی گئی آڈٹ رپورٹ موجودہ دور کی نہیں، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی کا شدت سے احساس ہے اس لیے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں حکمرانوں نے بہت لوٹ مار کی اور بہت زیادہ قرضے لے، عمران خان کو یہ بھی احساس ہے کہ صنعتیں پہلے کی طرح چل رہی ہیں اور چلتی رہیں گی لیکن مہنگائی سے غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اس لیے اس کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر صلاح مشورے جاری ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: نواز شریف کی واپسی سے متعلق شیخ رشید کی پیش گوئی

ان کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کو پاکستان واپس آتا نہیں دیکھ رہے، تاہم شہباز شریف واپس آسکتے ہیں جبکہ عمران خان کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

کورونا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس ضمن میں تمام اقدامات مکمل ہیں، لہٰذا عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024