• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'عہد وفا' میں سپراسٹار ہمایوں سعید کی دلچسپ انٹری

شائع February 28, 2020
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

پاکستان کے مقبول ڈرامے 'عہد وفا' میں ویسے ہی شوبز کی کئی نامور شخصیات موجود ہیں اور اب ہمایوں سعید بھی اس ڈرامے کی کاسٹ کا حصہ بن چکے ہیں۔

ہم ٹی وی نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ اس ڈرامے کی آخری قسط سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس کے بعد اس کی آخری قسط کا دلچسپ ٹیزر بھی جاری کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ڈراما 'عہد وفا' کے گلزار حسین کون ہیں؟

اس ٹیزر کی ویڈیو 27 فروری 2019 کی مناسبت سے تیار کی گئی۔

خیال رہے کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ میں وہ یادگار دن ہے جس میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے 2 طیارے گراکر ان کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور بہادری کی نئی مثال قائم کی تھی۔

اس ٹیزر میں ہمایوں سعید پاک فوج کے میجر بنے ہیں، جو بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن سے سوالات کرتے نظر آئے ہیں۔

جس کے بعد اس ٹیزر میں ڈرامے کی اب تک کی چند اقساط کی جھلکیاں اور آخری قسط کے کچھ مناظر دکھائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'عہد وفا' کو سائن کرکے ایسا لگا جیسے پاؤں پر کلہاڑی مارلی، زارا نور

ٹیزر میں ڈرامے کے مرکزی اداکار احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی کو پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ یہ ڈرامہ ان ہی چاروں اداکاروں کے کردار اور ان کی دوستی پر مبنی ہے۔

'عہد وفا' میں ونیزہ احمد، علیزے شاہ اور زارا نور عباس نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔

ڈرامے میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی نے اہم کردار نبھائے — فوٹو: پرومو
ڈرامے میں احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی نے اہم کردار نبھائے — فوٹو: پرومو

ڈرامے کی کہانی کے مطابق چاروں دوست لارنس کالج میں اکٹھا پڑھتے ہیں، تاہم قواعد کی خلاف ورزی پر 3 دوستوں کو کالج سے نکال دیا جاتا ہے جبکہ ایک دوست جس کا کردار احد رضا میر ادا کررہے ہیں وہ فوج کا افسر بن جاتا ہے۔

اس کے علاوہ تین دوستوں میں سے ایک رکن اسمبلی، ایک صحافی اور ایک بیوروکریٹ بن جاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے اس ڈرامے کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کی۔

خیال رہے کہ 'عہد وفا' کی آخری قسط رواں سال 14 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024