• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

مایا علی اور شہریار منور کا گانا 'ہائے دل' بھی کاپی نکلا؟

شائع February 28, 2020
فلم 'پرے ہٹ لو' گزشتہ سال ریلیز ہوئی تھی — فوٹو: اسکرین شاٹ
فلم 'پرے ہٹ لو' گزشتہ سال ریلیز ہوئی تھی — فوٹو: اسکرین شاٹ

گزشتہ سال سامنے آئی کامیڈی رومانوی فلم 'پرے ہٹ لو' میں اداکاروں کی اداکاری نے جہاں مداحوں کو متاثر کیا تھا وہیں فلم کے گانے بھی سب کا دل جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس فلم کے گانے اس قدر پسند کیے گئے کہ زیادہ تر پاکستانی شادیوں میں اس کے گانے ضرور بجائے جارہے تھے۔

مزید پڑھیں: فواد، ماہرہ اور میرا کے ’پرے ہٹ لو‘ میں مایا اور منور کے ساتھ جلوے

تاہم اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چند صارفین نے ٹوئٹس کے ذریعے فلم کے گانے کے موسیقار 'جمی خان' کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فلم 'پرے ہٹ لو' میں موجود ان کا گانا 'ہائے دل' ایک ہسپانوی گانے 'صوفیہ' کی نقل ہے جس کی گلوکاری الوارو سولر نامی گلوکار نے کی۔

ٹوئٹر پر ایک خاتون نے لکھا کہ 'جمی خان کا گانا ہائے دل کافی دلچسپ ہے اور میں اس سے بہت متاثر ہوئی تھی کہ پاکستانیوں نے ایسا گانا بنایا لیکن پھر مجھے ایک دوست نے ایک ہسپانوی گانا سنایا جس کی نقل کرکے ہائے دل بنایا گیا تھا، زبردست!'۔

جہاں ٹوئٹر پر اس ٹوئٹ کے بعد جمی خان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہی لوگ یہ بھول گئے کہ 'ہائے دل' کی کمپوزیشن آذان سمیع خان نے کی جبکہ اس گانے کے بول عاصم رضا نے تحریر کیے تھے۔

تاہم اس تنقید پر ابھی تک آذان سمیع خان نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اس حوالے سے فلم کے پروڈیوسر اور مرکزی کردار نبھانے والے اداکار شہریار منور نے انگریزی روزنانہ ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گانا کسی گانے سے متاثر ضرور ہوسکتا ہے لیکن یہ اس کی نقل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'نقل کا الزام لگانا کافی سخت ہے اور کیوں کہ دو گانے سننے میں ایک جیسے لگتے ہیں اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ یہ نقل ہی ہیں، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ دوسرے پر بغیر کچھ جانے نقل کرنے کا الزام لگائے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'پرے ہٹ لو' کا نیا گانا جس پر رقص کرنے کیلئے سب مجبور ہوجائیں

واضح رہے کہ شہریار منور خود بھی اس گانے میں رقص کرتے نظر آئے تھے۔

دوسری جانب جمی خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'مجھے اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں کہ گانے کا میوزک یا کمپوزیشن نقل شدہ ہے، کیوں کہ میں نے صرف اس گانے کی گلوکاری کی ہے، یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ متاثر ہوکر بنایا گیا ہو لیکن چوری شدہ کہنا صحیح نہیں'۔

خیال رہے کہ فلم 'پرے ہٹ لو' کی ہدایات عاصم رضا نے دی، اس فلم میں شہریار منور، مایا علی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ ماہرہ خان، فواد خان، ریما جیسے اداکاروں نے فلم میں مختصر کردار ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024