• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

رمضان المبارک کا پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا، فواد چوہدری

شائع February 27, 2020
وفاقی وزیر کے مطابق رویت ہلال کمیٹی نے ذیقعد اور رجب کے چاند کی تاریخیں بھی غلط بتائیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر کے مطابق رویت ہلال کمیٹی نے ذیقعد اور رجب کے چاند کی تاریخیں بھی غلط بتائیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے رمضان المبارک کا چاند 24 اپریل کو پورے ملک میں دیکھا جائے گا اور پہلا روزہ 25 اپریل کو ہوگا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'رویت ہلال کمیٹی نے ذیقعد اور رجب دونوں کی غلط تاریخیں دیں'۔

مزید پڑھیں: 'صفر کے چاند کا غلط اعلان'، رویت ہلال کمیٹی قوم سے معافی مانگے، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ 'اس حوالے سے 5 مارچ کو پارلیمان کی مذہبی امور کی کمیٹیوں کو بریفنگ دیں گے کہ عید اور اسلامی تہوار تقسیم نہیں اتحاد کا باعث بننے چاہیے'۔

خیال رہے کہ سرکاری سطح پر چاند کی رویت کا اعلان کرنے کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے۔

تاہم گزشتہ سال وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'وہ علما آج بھی چاند دیکھتے ہیں جنھیں پاس بیٹھا شخص بھی دکھائی نہیں دیتا'۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے چاند دیکھنے کی ایپلی کیشن 'دی رویت' متعارف کرادی

انہوں نے کہا کہ جدید دوربین کو حرام قرار دینے کی سمجھ نہیں آتی جبکہ ہماری پرانی دور بین سو سال پرانی ہے، نماز کے اوقات سورج سے منسلک ہیں اسی طرح چاند کا مسئلہ بھی ایسا ہی ہے۔

20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا، یہ قمری کیلنڈر 5 سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور 5 سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے گا، سے متعلق معلومات ہوں گی'۔

26 مئی کو انہوں نے چاند کی رویت اور اس حوالے سے دیگر تفصیلات کی معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ بھی متعارف کرائی تھی۔

31 مئی کو انہوں نے اس حوالے سے معلومات کے لیے موبائل فون رکھنے والوں کے لیے ایک ایپلی کیشن 'دی رویت' بھی متعارف کرائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024