• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایشیا الیون بمقابلہ ورلڈ الیون، پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا

شائع February 25, 2020
پاکستانی کھلاڑی پی ایس ایل میں مصروف ہوں گے، بی سی بی —فائل/فوٹو:رائٹرز
پاکستانی کھلاڑی پی ایس ایل میں مصروف ہوں گے، بی سی بی —فائل/فوٹو:رائٹرز

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں شیخ مجیب الرحمٰن کے 100ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں شیڈول 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے 'ایشیا الیون' کا اعلان کردیا گیا جس میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے 'ورلڈ الیون' اور 'ایشیا الیون' کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔

ڈھاکا میں 21 اور 22 مارچ کو شیڈول دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کے لیے ویرات کوہلی، کرس گیل، فاف ڈیوپلیسی اور جونی بیئراسٹو سمیت مشہور کھلاڑیوں پر مشتمل دونوں ٹیموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سال بدلا، میدان بدلا، مگر قلندروں کا مزاج نہ بدلا

ایشیا الیون کی ٹیم میں بھارت سے 6 اور بنگلہ دیش کے 5 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے لیکن پاکستان کے کسی کھلاڑی کا نام شامل نہیں۔

بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا تھا کہ ‘ٹیم میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں مصروف ہیں اور 22 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل بھی کھیلا جائے گا’۔

رپورٹ کے مطابق ایشیا الیون میں 6 بھارتی کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی بھی شامل ہیں لیکن وہ ایک میچ کا حصہ ہوں گے تاہم شیکھر دھون، ریشبھ پانٹ، کلدیپ یادیو اور محمد شامی دونوں میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بی سی بی کے صدر کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں بھارت سے پہلے ہی 4 نام موصول ہوچکے ہیں، ہمارا ان سے معاہدہ نہیں ہوا ہے لیکن ریشبھ پانٹ، کلدیپ یادیو، شیکھر دھون اور محمد شامی آرہے ہیں’۔

بھارتی کرکٹ حکام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے ہمیں کے ایل راہول اور ویرات کوہلی کی ایک میچ کے لیے دستیابی کا کہا ہے لیکن اب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے’۔

خیال رہے کہ بھارتی ٹیم اگلے مہینے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں مصروف ہوگی، نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ 4 مارچ سے شروع ہوگا اور جنوبی افریقہ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز 12 مارچ سے 18 مارچ کے درمیان کھیلی جائے گی۔

مزید پڑھیں:زلمی کے ظلم اور یونائیٹڈ کی یلغار کے بیچ چند یکساں پہلو

بھارتی ٹیم کی مصروفیات کے باوجود 21 اور 22 مارچ کو ہونے والے میچوں کے لیے 6 بھارتی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا لیکن کسی پاکستانی کو منتخب نہیں کیا گیا حالانکہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا۔

نظم الحسن کی جانب سے اعلان کردہ دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ایشیا الیون: ویرات کوہلی، کے ایل راہول، شیکھر دھون، ریشبھ پانٹ، کلدیپ یادیو، محمد شامی، تھیسارا پریرا، لاستھ ملینگا، راشد خان، مجیب الرحمٰن، مستفیض الرحمٰن، تمیم اقبال، مشفق الرحیم، لٹن داس، سندیپ لیمچانے اور محموداللہ

ورلڈ الیون: الیکس ہیلز، کرس گیل، فاف ڈیوپلیسی، نیکولس پوران، برینڈن ٹیلر، جونی بیئراسٹو، کیرون پولارڈ، شیلڈن کوٹریل، لونگی نگیدی، اینڈریو ٹائی اور مچل مک کلینگھن

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024