• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت، امریکا سے 3 ارب ڈالر کے جنگی ہتھیار خریدے گا

شائع February 25, 2020
دونوں رہنماؤں نے حیدرآباد میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی — فوٹو: رائٹرز
دونوں رہنماؤں نے حیدرآباد میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی — فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے دورے کے دوران بھارت کو 3 ارب ڈالر کے فوجی اور جنگی آلات فروخت کرنے سے متعلق معاہدے کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ 24 فروری کو اپنے پہلے دورے پر اہل خانہ اور دفاعی ماہرین کے ہمراہ بھارت پہنچے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دورے کے پہلے دن ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے سمیت وہاں ایک لاکھ افراد کے مجمع سے خطاب بھی کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کی تعریف کی تھی اور اعتراف کیا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔

دورے کے پہلے دن امریکی صدر کے دارالحکومت نئی دہلی کے دورے کے دوران ہزاروں افراد نے متنازع شہریت قانون کے خلاف مظاہرے بھی کیے اور اس دوران جھڑپوں میں کم سے کم 7 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا دورہ بھارت

انہوں نے دورے کے پہلے دن آگرا میں تاج محل کا بھی دورہ کیا اور ان کے دورے سے قبل تین صدیوں بعد پہلی بار تاج محل کی صفائی کرائی گئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ صاحبزادی اور داماد بھی بھارت آئے—فوٹو: اے ایف پی
ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ صاحبزادی اور داماد بھی بھارت آئے—فوٹو: اے ایف پی

دورے کے دوسرے دن ڈونلڈ ٹرمپ نے مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ کا دورہ بھی کیا اور پھر نئی دہلی میں موجود حیدرآباد ہاؤس میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ون آن ون ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے جنگی آلات کے معاہدے سے متعلق اعلانات کیے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی صدر بھارتی دورے کے دوران نریندر مودی کی تعریفیں کرنے اور چین کو خطرہ قرار دینے کی باتیں کرنے کے بعد بھارت کو 3 ارب ڈالر کے جنگی ہتھیار فروخت کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے ساتھ 'بہت اچھے تعلقات' ہیں، امریکی صدر کا بھارت میں خطاب

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت، امریکا سے 3 ارب ڈالر کے جنگی جہاز اور دیگر فوجی آلات خریدے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 24 فروری کو بھارت میں خطاب کے دوران پاکستان کی تعریف کی تھی—فوٹو: اے ایف پی
ڈونلڈ ٹرمپ نے 24 فروری کو بھارت میں خطاب کے دوران پاکستان کی تعریف کی تھی—فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر کے مطابق جنگی آلات کے معاہدے سمیت امریکا اور بھارت ایک بڑے تجارتی معاہدے پر بھی پیش رفت کرنے جا رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ بھارت، امریکا سے میزائل ٹیکنالوجی سمیت 24 سی ہاک اور 6 اپاچی ہیلی کاپٹرز خریدے گا جن کی مالیت 2 ارب 60 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دہلی:ٹرمپ کے دورے کے دوران شہریت قانون پر احتجاج،7 ہلاک، مذہبی بنیاد پر تشدد کے واقعات

امریکی صدر کے مطابق مذکورہ سودے کے علاوہ بھی دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبہ جات میں کاروبار کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران نریندر مودی نے بھی امریکی صدر کی تعریف کی اور بتایا کہ دونوں کے درمیان متعدد بار ملاقاتیں ہوئیں اور ہر بار ان کے درمیان دونوں ممالک کی بہتری پر بات ہوئی۔

بھارتی وزیر اعظم کے مطابق امریکا سے جنگی آلات کے معاہدے کے علاوہ بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کی تعریف بھی کی—فوٹو: رائٹرز
پریس کانفرنس کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کی تعریف بھی کی—فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024