لاہور قلندرز پر برہم ننھے شائق کیلئے ڈین جونز اور سیمی کا پیغام
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور لیگ کے سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے پیغامات اور مختلف فرنچائزوں کے شائقین کے ردعمل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
اسی طرح لاہور قلندرز کے ایک شائقین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز بھی توجہ دینے پر مجبور ہو گئے۔
اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یونائیٹڈ نے قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے اور قلندرز کو ایونٹ میں لگاتار دوسری شکست ہوئی۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز اب تک لیگ کے تمام چاروں ایڈیشنز میں سب سے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم ہے اور اس سال بھی ان کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں ہوا ہے۔
لاہور قلندرز کی شکست پر ایک ننھا شائق انتہائی دلبرداشتہ ہوا اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور اس کی مایوسی بھری ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
اس ویڈیو میں اس کمسن شائق نے لاہور قلندرز اور اس کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور روتے ہوئے دوبارہ اس ٹیم کو سپورٹ نہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اس دوران ویڈیو میں چند حضرات اس بچے کو ملتان سلطانز کو سپورٹ کرنے پر آمادہ کرتے نظر آئے لیکن بچے نے کسی اور ٹیم کو سپورٹ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کی طرف ہوں، لاہور قلندرز کی طرف میں نہیں ہوں۔
سوشل میڈیا زیر گردش اس جذباتی شائق کی ویڈیو کو خوب پسند کیا گیا اور لوگوں نے بچے کی دادرسی کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی جگہ کسی اور ٹیم کو سپورٹ کرنے کا مشورہ دیا۔
بچے کی دل جوئی کرنے والوں میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی شامل ہیں جنہوں نے انہیں اپنی ٹیم کی سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹکٹ کی بھی پیشکش کی۔
کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز نے قلندرز کی شکست پر غمگین بچے کے نام پیغام میں کہا کہ وہ آئیں اور کراچی کنگز کو سپورٹ کریں، وہ انہیں میچ کے ٹکٹ بھی دیں گے۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بھی بچے کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پشاور زلمی آپ کو آئس کریم لے کر دے گی، آئیے ہم آپ کے آنسو پونچھتے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں دو دن کے وقفے کے بعد بدھ کو ملتان میں میزبان ٹیم ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔