• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

پاکستان کی بہنیں، بیٹیاں اور مائیں دختران کشمیر کے ساتھ کھڑی ہیں، فردوس عاشق اعوان

شائع February 23, 2020
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں — فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں — فوٹو:ڈان نیوز

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 23 فروری 1991 میں مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے واقعے کی مزمت کرتے ہوئے آج کے دن کو دختران کشمیر کے نام کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ '23 فروری کا دن دختران کشمیر کے نام کیا ہے، آج کا دن کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لیے لڑنے والی ہماری بیٹیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آج کے دن میری کشمیری بیٹیوں، بیواؤں اور بہنوں کے ساتھ جو اجتماعی بے حرمتی کی گئی اور بھارتی فوج اور حکومت کی جانب سے درندگی کی جو مثال قائم کی گئی اس کی مزمت کا دن ہے'۔

مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیا میں امن یقینی بنایا جاسکتا ہے،وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان کی بہنیں، بیٹیاں اور مائیں دختران کشمیر کے ساتھ کھڑی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا'۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بھارت میں مودی حکومت کی ہندو توا کی پالیسیوں کے باعث اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین باغ میں شہریت کے متنازع قانون اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزن کے خلاف شدید احتجاج 60 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے جو مودی کے خلاف انتہائی نفرت اور ناگواری کا مظہر ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیریوں کے صبر اور ثابت قدمی نے بھارتی مظالم کو شکست دے دی ہے اور کوئی انہیں آزادی کی منزل کے حصول سے نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کشمیر کی ان بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے خاوند،مائیں اور بچے کھودیے تھے۔

'نواز شریف کی بیماری اقتدار سے دوری ہے'

علاوہ ازیں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف جب اقتدار سے ہٹتے ہیں تو بیمار پڑجاتے ہیں، ان کی اقتدار سے جڑی بیماری لاعلاج بیماری ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کے سہولت کار شہباز شریف ہیں جنہوں نے لیڈر آف اپوزیشن کا چیمبر خالی چھوڑا ہوا ہے، لندن کی ہوائیں آپ کے کام نہیں آسکتیں آپ پاکستان تشریف لائیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 5 اگست 2019 سے 5 فروری 2020 تک مقبوضہ کشمیر کی آپ بیتی

انہوں نے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) میں زبان بندی کا موسم آیا ہوا ہے اور مریم نواز کی آواز قوم کو سنائی نہیں دے رہی، جو عوام کے درد میں نڈھال تھے وہ اب کہیں دکھائی نہیں دیتے کیونکہ وہ درد اپنی ذات، کاروبار اور اقتدار کا درد ہے'۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 'جنہوں نے ہمیشہ لاہور کے نام پر سیاست کی ان سے لاہور کے دیہی علاقوں میں بسنے والے لاہوری اپنے اربوں روپے کے فنڈز کا حساب مانگ رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ لاہور میں سیاسی قبضہ مافیا کا شکار کریں'۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 6 ماہ میں حکومت جانے کے دعوے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'کوئی حکومت جانے کے خواب دیکھنے والوں کو ہوش دلاؤ سندھ کے عوام اپنے صوبے کے حکمرانوں کو کب تک برداشت کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بلاول صاحب آپ کو ایسے کئی 6 مہینوں کا انتظار کرنا پڑے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024