ترکی، ایران کے سرحدی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، 9 افراد جاں بحق
ترکی کے مشرقی علاقے میں 5.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے سے 3 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور 37 زائد زخمی ہوگئے۔
ترک نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق ترکی کے وزیرداخلہ سلیمان سوئیلو کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز پڑوسی ملک ایران تھا جبکہ ترکی کے مشرقی علاقے میں زلزلے کے 5 اعشاریہ 7 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
وزارت صحت نے مزید 2 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 9 افراد جاں بحق اور 37 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 9 کی حالت تشویش ناک ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ‘7 افراد اوزپینار گاؤں میں جاں بحق ہوئے جہاں رضاکاروں کی ٹیمیں پہنچی ہیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ زلزلے سے ایک ہزار 66 عمارتیں گر گئیں جبکہ وزارت تعلیم کے مطابق کئی اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
قبل ازیں خبرایجنسی رائٹرز نے رپورٹ دی تھی کہ یورپین میڈیٹرینین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) کے مطابق زلزلے کی گہرائی 5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کے مطابق زلزلے سے ترکی کے 43 گاؤں متاثر ہوئے۔
ادھر ایرانی حکام نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ 'ہماری ریسکیو ٹیمیں علاقے میں روانہ کردی گئی ہیں'۔
مزید پڑھیں: جب زلزلہ آئے تو کیا کرنا چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ 'ایران کے کم آبادی والے مغربی صوبے آذربائیجان میں آنے والے زلزلے سے اب تک کسی بھی قسم کے نقصان یا ہلاکتوں کی اطلاع سامنے نہیں آئی'۔
تاہم ایرانی ٹی وی کے مطابق ایک اور عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'زلزلے سے جانی و مالی نقصانات کے امکانات ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے متعدد شہروں اور تقریباً 43 گاؤں میں محسوس کیے گئے'۔
انہوں نے کہا کہ '43 گاؤں میں 10 فیصد سے 100 فیصد تک نقصان ہوا ہے تاہم کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے جوہری پاور پلانٹ کے قریب 4.5 شدت کا زلزلہ
ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق نقصان کا ازالہ لگانے والی ٹیم متاثرہ علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ترک شہر وان میں بلڈنگ گرنے کی بھی اطلاع ہے تاہم فوری طور پر کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں'۔
خیال رہے کہ ایران اور ترکی دنیا میں سب سے زیادہ زلزلوں سے متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔
گزشتہ ماہ ترکی میں آنے والے زلزلے سے 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایران میں ایک اور زلزلے سے کئی گھر تباہ ہوئے تھے تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔