انوکھا اسمارٹ فون جو نازیبا تصاویر کھینچنے سے انکار کر دیتا ہے
اسمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے کے نتیجے میں دنیا بھر میں ان ڈیوائسز پر پورن مواد کو دیکھنے اور بھیجنے کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے۔
تاہم اب ایک نیا اسمارٹ فون ایسا متعارف ہوا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو ایسا کرنے سے روکنا ہے۔
جاپان کی کمپنی ٹون نے ای 20 نامی اسمارٹ فون تیار کیا ہے جس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے نازیبا سیلفیز لینے کو بلاک کردیا جاتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی ممکنہ فحش تصاویر کو پکڑ کر انہیں بلاک کر دیتی ہے اور والدین کو بھی پکسلیٹڈ تصاویر اس وقت بھیج دیتی ہے جب ان کے بچے عریاں سیلفی لینے کی کوشش کریں۔
یہ فون نوجوان افراد کو ذہن میں رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں والدین کے لیے حفاظتی فیچرز دیئے گئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی کیمرا ایپ میں ویسی ہی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو سوشل میڈیا کمپنیاں پورن تصاویر کو پکڑنے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
اس میں 6.26 انچ ڈسپلے، اینڈرائیڈ 9 آپریٹنگ سسٹم اور 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔
اسی طرح 64 جی بی اسٹوریج، فنگر پرنٹ اسکینر، 3900 ایم اے ایچ بیٹری اور 2 گیگا ہرٹز اوکٹا کور پراسیسر دیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو نازیبا تصاویر لینے سے روکنا ہے کیونکہ یہ آگے جاکر ان کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
اس فون میں ایسے حفاظتی فیچر موجود ہیں جو والدین کو بچوں کو تحفظ دینے میں مدد دے سکتے ہیں۔
یہ ٹیکنالوجی ایپس، ویب سائٹس اور حقیقی دنیا میں ارگرد کے ماحول کو بھی مانیٹر کرتی ہے اور بچے کے رویے میں کوئی نمایاں تبدیلی نظر آئے تو والدین کو خبردار کرتی ہے۔
یہ فون فی الحال صرف جاپان میں دستیاب ہے اور اس کی قیمت 180 ڈالرز رکھی گئی ہے۔