• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی کنگز کا پی ایس ایل میں فاتحانہ آغاز، زلمی کو شکست

شائع February 21, 2020
بابر اعظم نے 78 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ کراچی کنگز
بابر اعظم نے 78 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو بشکریہ کراچی کنگز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ انداز میں آغاز کردیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا اچھا آغاز کیا۔

پابندی کے بعد کرکٹ میں واپسی کرنے والے شرجیل خان روایتی جارحانہ انداز میں نظر آئے اور حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگائے لیکن اسی اوور میں ایک اور اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شعیب ملک کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 11 گیندوں پر 19رنز بنائے۔

اس کے بعد بابر کا ساتھ دینے کیمرون ڈیلپورٹ آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 48رنز جوڑے۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، محمد محسن نے ڈیلپورٹ کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلائی، انہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 20رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور کپتان عماد وسیم کے ہمراہ 97رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی بڑے اسکور تک رسائی کی راہ ہموار کی۔

مایہ ناز بلے باز 56 گیندوں پر دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 78رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے اینڈ سے عماد وسیم جارحانہ بیٹنگ کرتے رہے۔

عماد وسیم اننگز کے آخری اوور میں وکٹ گنوا بیٹھے لیکن آؤٹ ہونے سے قبل وہ 30گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 50رنز کی اننگز کھیل چکے تھے۔

اننگز کی آخری تین گیندوں پر افتخار احمد نے حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 201رنز بنائے اور زلمی کو فتح کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 2وکٹوں کے لیے 52رنز دیے۔

پشاور زلمی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 29رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر کرس جورڈن کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں ٹام بینٹن آؤٹ قرار پائے، انہوں نے 13رنز بنائے۔

نوجوان حیدر علی نے جورڈن کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

تجربہ کار شعیب ملک اور کامران اکمل نے تیسری وکٹ کے لیے 35رنز جوڑے جس کے بعد وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں شعیب ملک کی 16رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

کامران اکمل نے چند جارحانہ شاٹس کھیلے لیکن کیمرون کی ایک گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 43رنز بنائے تھے۔

اس کے بعد لیام لیونگسٹن کا ساتھ دینے لیام ڈوسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 47رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں واپسی کی آس بندھائی لیکن محمد عامر نے ڈوسن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا بھی خاتمہ کردیا۔

ڈاسن کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کی ٹیم میچ سے باہر نظر آ رہی تھی لیکن لیونگسٹں نے کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

دونوں نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا، اس دوران زلمی نے محمد عامر کے ایک اوور میں 18رنز بھی بنائے۔

میچ کی آخری تین گیندوں پر زلمی کو فتح کے لیے 12رنز درکار تھے لیکن عمید آصف نے اپنے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے ڈیرن سیمی کی وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیر پر پہنچا دیا۔

لیونگسٹن بڑا شاٹ مارنے میں ناکام رہے اور اننگز کی آخری گیند پر وہاب ریاض بھی چھکا مارنے کی کوشش میں عمید آصف کی وکٹ بن گئے۔

پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 191رنز ہی بنا سکی اور کراچی کنگز نے 10رنزسے فتح حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

زلمی کے لیونگسٹن نے 29 گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف اور کرس جورڈن نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

شاندار اننگز کھیلنے پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، شرجیل خان، افتخار احمد، کیمرون ڈیلپورٹ، محمد رضوان، عمید آصف، محمد عامر، کرس جورڈن اور ارشد اقبال

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، ٹام بینٹن، لیام لیونگسٹن، کامران اکمل، حیدر علی، محمد محسن، شعیب ملک، ڈیرن سیمی، لیام ڈاسن، وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی۔

دن کا دوسرا میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میزبان لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024