پاکستان نے چین سے اپنے طلبہ واپس نہ بلاکر بہترین فیصلہ کیا، چینی قونصل جنرل
کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین سے اپنے طلبہ واپس نہ بلانے کا ایک مشکل لیکن بہترین فیصلہ کیا۔
کراچی پریس کلب میں 'میٹ دی پریس' سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر کنٹرول پالیا ہے جبکہ چین میں موجود پاکستانیوں کی بھرپور دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: چین کے 3 شہر پاکستان کے کراچی، گوادر اور ملتان کے جڑواں شہر قرار
انہوں نے کہا کہ ہم وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں اور چین کے متعدد شہروں میں رہنے والے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور وہاں کوئی بھی اس مرض کی زد میں نہیں آیا ہے۔
لی بی جیان نے کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم پاکستان کا ہر موڑ پر ساتھ دیں گے'۔
کراچی میں بھی گیس کے اخراج سے متعلق چینی قونصل جنرل نے کہا کہ 'ہم اس صورت حال میں پاکستان کی بھرپور مدد کے لیے تیار ہیں'۔
لی بی جیان نے زور دیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر دوبارہ کھڑا کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے اور دنیا بدل رہی ہے اس لیے ہمیں نت نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں چین کے قونصل جنرل نے کہا کہ چین میں مسلمان بالکل محفوظ ہیں، مسلمانوں کی تربیت کے لیے اہم کام کر رہے ہیں تاکہ وہ اچھی زندگی بسر کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: 2020 میں پاک ۔ چین تعلقات صرف سی پیک تک محدود نہیں رہیں گے،چینی سفیر
لی بی جیان نے مزید کہا کہ کچھ مسلمان انتہا پسندی کی طرف مائل ہوگئے تھے، انہیں ہم قومی دھارے میں واپس لے کر آئے ہیں۔
پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور مذکورہ منصوبہ دوسرے مرحلے سے گزر رہا ہے۔
چین کے قونصل جنرل نے واضح کیا کہ سی پیک پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کوئی پالیسی تبدیل نہیں کی ہے اور گوادر اور گرد و نواح کے علاقوں میں صاف پانی پہنچانا ہمارا مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی ایک اچھا اقدام ہے جس سے کثیر آبادی کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولیات فراہم ہوں گی۔
مزید پڑھیں: ’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘
آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) سے متعلق لی بی جیانکا کہنا تھا کہ مختلف اشیا کے ٹیکس کے معاملات کو دیکھنا ہوگا تاہم مذکورہ معاہدے سے کاروباری برادری کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایف ٹی اے سے 5 سے6 ارب کا فائدہ ہوگا اور اس کے ذریعے پاکستان کی چین کو کی جانے والی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
چینی قونصل جنرل نے پاکستانی صحافیوں کو چین آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافی بہت سی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے لی بی جیان کو اجرک بھی پہنائی۔