• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کمپیوٹر میں ’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘ کے فیچر متعارف کرانے والے مؤجد چل بسے

شائع February 20, 2020
لیری ٹیسلر نے متعدد ٹیکنالوجی اداروں میں کام کیا — فوٹو: فیس بک
لیری ٹیسلر نے متعدد ٹیکنالوجی اداروں میں کام کیا — فوٹو: فیس بک

کمپیوٹر کے آسان استعمال کے لیے ’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘ کے شارٹ کٹ فیچر متعارف کرانے والے سائنسدان لیری ٹیسلر 74 برس کی عمر میں چل بسے۔

فوری طور پر لیری ٹیسلر کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم جس کمپنی کے ساتھ وہ کام کرتے تھے انہوں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

لیری ٹیسلر 1945 میں نیویارک میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1960 کے بعد اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے گریجوئیشن کیا۔

کمپیوٹر میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد لیری ٹیسلر نے 1974 میں بطور کمپیوٹر ریسرچر و سائنسدان کام کا آغاز کیا اور انہوں نے کیلیفورنیا میں واقع ’زیروکس‘ نامی کمپیوٹر ریسرچ کمپنی میں کام کا آغاز کیا۔

اس کمپنی کو بعد ازاں ’پالو ایلٹو ریسرچ سینٹر‘ (پارک) نام دیا گیا اور اسی کمپنی میں کام کے دوران ہی لیری ٹیسلر نے کمپیوٹر کو آسانی سے استعمال کرنے والے فیچرز بنائے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق لیری ٹیسلر نے ’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘ کے فیچر متعارف کرائے جس کے بعد دیگر ماہرین نے اسی طرح کے دیگر شارٹ کٹ فیچرز متعارف کرائے۔

پالٹو کمپنی نے لیری ٹیسلر کی موت پر ایک ٹوئٹ بھی کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

کمپنی کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ لیری ٹیسلر نے نہ صرف ’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘ جیسے فیچرز متعارف کرائے بلکہ انہوں نے ’فائینڈ اور ریپلیس‘ سمیت دیگر فیچرز بھی متعارف کرائے۔

کمپنی نے لیری ٹیسلر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ آج ان کے کام کی وجہ سے ہی دنیا کے کروڑوں انسان آسانی سے کمپیوٹر استعمال کر رہے ہیں۔

لیری ٹیسلر نے نہ صرف کمپیوٹر کے استعمال کے فیچرز متعارف کرائے بلکہ انہوں نے ’ایپل، یاہو اور ایمازون‘ جیسی کمپنیوں میں بھی خدمات سر انجام دیں اور مذکورہ کمپنیوں میں بھی انہوں نے کمپیوٹر و انٹرنیٹ کے کئی فیچرز متعارف کرائے۔

لیری ٹیسلر کی موت پر فوری طور پر ایپل، یاہو اور ایمازون نے کوئی رد عمل نہیں دیا تاہم کمپیوٹر و انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

لیری ٹیسلر نے ’کٹ، کاپی، پیسٹ، فائینڈ اور ریپلیس‘ سمیت دیگر فیچرز متعارف کرائے—فوٹو: کمپیوٹر ہسٹری میوزیم
لیری ٹیسلر نے ’کٹ، کاپی، پیسٹ، فائینڈ اور ریپلیس‘ سمیت دیگر فیچرز متعارف کرائے—فوٹو: کمپیوٹر ہسٹری میوزیم

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024