• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

جرمنی: شیشہ کیفے پر حملوں میں 9 افراد ہلاک

شائع February 20, 2020
پہلا حملہ رات 10 بجے کے قریب شہر کے وسط میں واقع ’مڈ نائٹ‘ بار میں ہوا —فوٹو: اے ایف پی
پہلا حملہ رات 10 بجے کے قریب شہر کے وسط میں واقع ’مڈ نائٹ‘ بار میں ہوا —فوٹو: اے ایف پی

جرمنی کے شہر ہاناؤ میں شیشہ کیفے پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے چند گھنٹے بعد مشتبہ حملہ آور اپنے گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا۔

خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے کہا کہ افسران کو اسی پتے پر ایک اور لاش بھی ملی۔

پولیس نے مشتبہ حملہ آور کی کوئی تفصیلات نہیں دیں اور ساتھ ہی کہا کہ ’فی الحال مزید مجرموں سے متعلق مزید معلومات نہیں ملیں‘۔

انہوں نے اس کے ممکنہ مقصد یا اس کی موت سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائیں اور نہ ہی یہ بتایا کہ اس بات کا یقین کیوں ہے جو شخص مردہ حالت میں پایا گیا وہی حملہ آور تھا۔

مزید پڑھیں: جرمنی: مسلح شخص کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک

بیلڈ اخبار کے مطابق مشتبہ شخص جرمن شہری تھا اور اس کی گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا تھا، اس کے پاس آتشی اسلحے کا لائسنس موجود تھا۔

علاوہ ازیں پولیس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بدھ کی شام کو ہونے والی فائرنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی۔

پولیس نے گواہان کے بیانات کے بعد فائرنگ کے مقام سے قریب علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کو سیل کیا اور اس کی تلاشی لی۔

اس کے ساتھ ہی پولیس نے کہا کہ گھر پر موجود دونوں لاشوں کی شناخت کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور وہ فوری طور پر ان 2 افراد یا اس سے قبل ہونے والی فائرنگ کے متاثرین کی شناخت کی تفصیلات نہیں دے سکتے۔

قبل ازیں پولیس نے کہا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے، انہوں نے کہا کہ ایک سیاہ رنگ کی گاڑی کو پہلے حملے کے مقام سے جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس سے ڈھائی کلومیٹرز کے فاصلے پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا۔

پولیس اور رپورٹس کے مطابق پہلا حملہ رات 10 بجے کے قریب شہر کے وسط میں واقع ’مڈ نائٹ‘ بار میں ہوا۔

مقامی میڈیا نے کہا کہ 3 افراد کو عمارت کے سامنے ہلاک کیا گیا تھا جبکہ گواہان کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیکڑوں گولیاں چلنے کی آواز سنی۔

پولیس کے مطابق حملہ آور، گاڑی کے ذریعے جائے وقوع سے فرار ہوگئے تھے جس کے بعد ارینا بار پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ پیش آیا تھا۔

علاوہ ازیں بیلڈ اخبار کے مطابق ایک حملہ آور نے ڈور بیل بجائی اور اسموکنگ ایریا میں خاتون سمیت 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

اخبار کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کرد نژاد تھے۔

ڈی پی اے نیوز ایجنسی کے مطابق بار مینیجر کے بیٹے نے کہا کہ فائرنگ کا نشانہ وہ افراد بنے جنہیں ہم سالوں سے جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان میں 2 ملازمین بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ بار منیجر کا بیٹا فائرنگ کے وقت وہاں موجود نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ ’یہ سب کے لیے ایک دھچکا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی: یہودیوں کی عبادت گاہ کے باہر فائرنگ، 2 افراد ہلاک

رپورٹس میں کہا گیا کہ حملوں میں کم از کم 5 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔

پولیس افسران نے ہاناؤ کے وسطی علاقے میں فائرنگ کے ایک مقام کو سیل کردیا جبکہ ایک ہیلی کاپٹر علاقے کی نگرانی کررہا ہے اور فرانزک ماہرین نے شواہد جمع کرلیے۔

ہاناؤ کے میئر کلاز کامینسکی نے بیلڈ اخبار کو بتایا کہ ’یہ ایک خوفناک شام تھی جو ایک طویل عرصے تک ہمیں گھیرے رکھے گی اور ہم افسوس سے اسے یاد کریں گے‘۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جماعت کی رکن وکیل کٹجا لیکرٹ جو جرمن پارلیمنٹ میں ہاناؤ کی نمائندگی کرتی ہیں، انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’یہ ہم سب کے لیے ایک خوفناک منظر تھا‘۔

ہاناؤ، جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے مشرق سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، یہ ریاست ہیسے کا شہر ہے اور اس کی آبادی ایک لاکھ کے قریب ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024