چکن اور بیف لزانیا کے بعد پیش ہے چاکلیٹ لزانیا
لزانیا کھانے کے شوقین بڑوں سے زیادہ بچے ہوتے ہیں لیکن ہر بار ایک ہی انداز کی ڈش تیار کرنا ضروری نہیں۔
ویسے تو آپ نے ہمیشہ ہی بیف یا چکن لزانیا کے بارے میں سنا ہوگا؟
لیکن یہاں آپ کو ایک ایسا لزانیا بنانے کی ترکیب سکھائی جارہی ہے جو دراصل میٹھے پکوانوں میں شمار کیا جائے گا۔
جی ہاں، یہاں چکن یا بیف نہیں چاکلیٹ لزانیا بنانے کی آسان اور منفرد ترکیب بیان کی جارہی ہے، اسے آزما کر اپنے گھر والوں کا دل جیت لیں۔
اجزا:
اوریو بسکٹ: 30 سے 40
مکھن: 8 سے 9 کھانے کے چمچ
دودھ: 3 کپ
چینی: ایک کپ
کوکو پاؤڈر: ڈھائی کھانے کے چمچ
کارن فلور: 3 کھانے کے چمچ
نمک: حسب ضرورت
ونیلا ایسنس: 2 چائے کے چمچ
ڈارک چاکلیٹ: آدھا کپ
پانی: 4 کھانے کے چمچ
کریم: آدھا کپ
کریم چیز: ایک کپ
ترکیب:
چاپر میں بسکٹس ڈال کر چورا کرلیں، اس دوران اس میں پگھلا ہوا مکھن شامل کریں اور اچھی طرح ملائیں۔
ڈش میں اس بسکٹ کے چورے کو پھیلا کر تہہ لگالیں اور 15 منٹ کے لیے فریج میں رکھ لیں۔
چاکلیٹ کسٹرڈ بنانے کے لیے ایک پین میں دودھ، چینی، کوکو پاؤڈر، کارن فلور، نمک اور ونیلا ایسنس ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور ہلکی آنچ پر 5 سے 6 منٹ کے لیے گاڑھا ہونے کے لیے رکھ دیں اور مسلسل ملاتے رہیں۔
ڈارک چاکلیٹ ڈال کر اچھی طرح ملائیں، چاکلیٹ پگھل جائے تو پکا کر ٹھنڈا ہونے رکھ دیں۔
پین میں چینی اور پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ابال آنے کے بعد ہلکی آنچ پر 12 سے 15 منٹ تک پکالیں۔
اسے چولہے سے ہٹا لیں اور اچھی طرح مکس کریں۔
مکھن ڈال کر چولہے پر واپس رکھیں، نمک اور ونیلا ایسنس ڈالیں اور اچھی طرح ملائیں اور ایک منٹ تک پکا کر سائڈ پر رکھ لیں۔
چیز کیک بنانے کے لیے پیالے میں کریم ڈال کر گاڑھی ہونے تک بیٹ کریں اور سائیڈ پر رکھ دیں۔
الگ پیالے میں کریم چیز ڈال کر اچھی طرح بیٹ کریں اور پھر دودھ شامل کرکے دوبارہ بیٹ کریں۔
بسکٹ کی تہہ کے اوپر آدھی چیز کیک کی تہہ لگائیں اور 20 سے 25 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔
چاکلیٹ کسٹرڈ ڈال کر پھیلائیں اور 20 سے 25 منٹ کے لیے پھر سے فریج میں رکھ دیں۔
بچ جانے والے چیز کیک کی تہہ لگائیں اور 2 سے 3 گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ لیں۔
گھر والوں کے سامنے پیش کرتے وقت چاکلیٹ سیرپ اور چاکلیٹ سے ڈش کو سجائیں اور سب کا دل جیت لیں۔