• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

علما نے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کو شریعت کے مطابق قرار دے دیا

شائع February 20, 2020 اپ ڈیٹ August 26, 2020
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے — تصویر: فیس بک
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے — تصویر: فیس بک

اسلام آباد: مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما نے اس بات کو دہرایا کہ پولیو ویکسین کے قطرے شریعت سے مطابقت رکھتے ہیں اور عوام سے مطالبہ کیا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں۔

اس کے ساتھ انہوں نے عوام سے یہ درخواست بھی کی کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے ریاست کے ساتھ تعاون کریں۔

پاکستان علما کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے دیگر مذہبی عالموں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان افراد کی مذمت کی جو انسداد پولیو مہم کی مخالفت اور اسے ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قطرے، انجکشن یا دونوں؟ پولیو ویکسین کے حوالے سے عام سوالات کے جوابات

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علما کونسل، دارالافتا پاکستان، وفاق المساجد، مدارسِ پاکستان اور نمایاں علما و مشائخ نے نہ صرف پولیو کے قطروں کو حلال بلکہ انسانوں کے لیے مفید قرار دیا ہے اور اس سلسلے میں فتوے بھی جاری کیے گئے ہیں کہ پولیو کے قطروں سے کوئی نقصان نہیں ہوتا‘۔

حافظ طاہر اشرفی نے علما اور مذہبی اسکالرز سے اپیل کی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور نماز جمعہ کے خطبے میں بھی یہ پیغام دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں مزید 5 بچے پولیو کے باعث معذوری کا شکار بن گئے

چیئرمین پاکستان علما کونسل کا مزید کہنا تھا کہ ’5 سال سے کم عمر بچوں کے والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی ہو، ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پوری اسلامی دنیا سے مذہبی اسکالرز نے فتوے دیے ہیں کہ پولیو ویکسین میں شریعت کے خلاف کچھ نہیں‘۔

ملک میں پولیو کے مرض میں اضافے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وزارت صحت کی نااہلی اور ناکامی کا ظاہر کرتا ہے۔

حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ’میں والدین سے بھی درخواست کرتا ہوں کیوں کہ اگر انہوں نے اپنے 5 سال کی عمر تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے تو آخر میں ان کے اپنے بچوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ آخرت میں اپنے بچوں کو خطرے میں ڈالنے پر جوابدہ ہوں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

پریس کانفرنس میں مولانا نعمان حاشر، مولانا ابوبکر صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا قاسم قاسمی، مولانا طاہر مسلم، مولانا نائب خان، مولانا شہباز احمد، مولانا حافظ الرحمٰن، مولانا افضل حسینی، مولانا اسید الرحمٰن سعید اور مولانا مبشر رحیمی موجود تھے۔


یہ خبر 20 فروری 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024