پاکستان سپر لیگ کا آج سے آغاز، افتتاحی میچ میں گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ مدمقابل
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوا جس کے بعد ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سیزن کے چوتھے ایڈیشن کے طویل انتظار کے بعد پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی بالآخر مکمل طور پر پاکستان میں واپسی ہو رہی ہے اور اس سال لیگ کے تمام 34 میچز ملک کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 5 کی ٹرافی سے پردہ اٹھ گیا
پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد 2016 میں متحدہ عرب امارات میں کیا گیا تھا اور لیگ کی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے اگلے ایڈیشن کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے ذریعے اسے پاکستان لانے کی تیاریاں کی گئی تھیں۔
ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے اگلے ایڈیشن کے تین میچز کا پاکستان میں انعقاد کیا گیا اور کراچی میں فائنل منعقد کرایا گیا۔
اس کے بعد پی سی بی نے لیگ کو مکمل طور پر پاکستان لانے کو عملی شکل دینے کے لیے لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز کا کامیابی کے ساتھ پاکستان میں انعقاد کیا جس سے غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھی پاکستان میں سیکیورٹی پر اعتماد بحال ہوا۔
چوتھے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان نے پانچویں ایڈیشن کو مکمل طور پر پاکستان میں منعقد کرانے کا اعلان کیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم کے خواب کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے پی ایس ایل 2020 کے مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد کو یقینی بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ میں 2 سب سے بہترین ٹیمیں کونسی ہیں؟ (پہلی قسط)
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے مکمل طور پر ملک میں انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے اعتماد کو بحال اور بڑی ٹیموں کو دورہ پاکستان کے لیے آمادہ کرنے میں مدد ملے گی۔
لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کی گئی جس میں ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ساتھ مالکان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا بڑا ایونٹ ہے اور ہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے۔
لیگ میں شرکت کے لیے تمام ٹیموں کے انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان پہنچ چکے ہیں اور آج نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی پُروقار افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کی وہ 2 ٹیمیں جو کہیں بھی جاسکتی ہیں! (دوسری قسط)
نیشنل اسٹیڈیم کی فضائیں پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی کی دھنوں میں رنگ جائیں گی جہاں راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
تقریب میں 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور پی ایس ایل کے آفیشل گانے میں سُر کا جادو جگانے والے چاروں گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے۔
تقریب کے بعد لیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر لیگ کے 9 میچوں میں مدمقابل آ چکی ہیں جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی وہ 2 ٹیمیں جن میں کچھ کمی سی نظر آئی (تیسری اور آخری قسط)
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت لگاتار پانچویں سال سرفراز احمد کر رہے ہیں اور یہ ایڈیشن ان کے لیے اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل کھیلتے ہوئے وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
اس ایڈیشن میں کارکردگی سرفراز کے کیریئر کے مستقبل کے لیے بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ اس ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی کی بدولت وہ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو قیادت کے منصب پر فائز کیا ہے اور وہ کیریئر میں پہلی مرتبہ پورے ٹورنامنٹ میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
دونوں ٹیموں پر ایک نظر دوڑائی جائے تو دونوں ہی ٹیمیں انتہائی مضبوط اور مقامی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کا حسین امتزاج نظر آتی ہیں۔
مزید پڑھیں: مداح کا پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کیلئے ’کپتان چپل‘ کا تحفہ
دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کپتان سرفراز کے ساتھ ساتھ شین واٹسن، جیسن روئے، احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد نواز، بین کٹنگ، نسیم شاہ، محمد حسنین اور ٹائمل ملز جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان سمیت کولن انگرام، فلپ سالٹ، ڈیوڈ ملان، آصف علی، لیوک رونکی، ڈیل اسٹین، فہیم اشرف اور عماد بٹ جیسے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
میچ کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی بدولت یہ ایک خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات اور ہانیہ عامر 'پشاور زلمی' کے ترانے کا حصہ
نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دیا جا رہا ہے اور میچ میں بڑے اسکور کے ساتھ ساتھ چھکے چوکوں کی برسات ہونے کی توقع ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔