• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

علی ظفر کے خلاف ہراسانی کے الزامات پر ٹوئٹ کرنے والی خاتون صحافی کی معذرت

شائع February 19, 2020
میں کچھ واقعات کو سامنے لائی تھی جس پر علی ظفر اور اس کے اہل خانہ کو تکلیف پہنچی، مہوش اعجاز—فوٹو: ٹوئٹر
میں کچھ واقعات کو سامنے لائی تھی جس پر علی ظفر اور اس کے اہل خانہ کو تکلیف پہنچی، مہوش اعجاز—فوٹو: ٹوئٹر

میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراسانی کا الزام لگائے جانے کے بعد علی ظفر کے خلاف ٹوئٹس کرنے والی خاتون بلاگر و سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ مہوش اعجاز نے گلوکار سے معذرت کرلی۔

مہوش اعجاز کا شمار پاکستان کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ، بلاگرز اور خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی سرگرم کارکنان میں ہوتا ہے۔

انہوں نے گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کی جانب سے اپریل 2018 میں علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے جانے کے بعد علی ظفر کےخلاف متعدد ٹوئٹس کی تھیں۔

مہوش اعجاز نے میشا شفیع اور علی ظفر کے کیس کے حوالے سے بلاگ بھی لکھے تھے جن میں انہوں نے دونوں طرف سے کی جانے والی باتوں کا ذکر کیا تھا تاہم ان کی ہمدریاں میشا شفیع کے ساتھ تھیں۔

مہوش اعجاز نے علی ظفر کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا بائیکاٹ کرنے سمیت انہیں ایک ایوارڈ میں نامزد کرنے کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف ٹوئٹس کی تھیں۔

تاہم اب انہوں اپنی تمام ٹوئٹس کو واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے گلوکار علی ظفر اور ان کے اہل خانہ سے معذرت کی ہے۔

مہوش اعجاز نے 18 فرروی کو متعدد ٹوئٹس کے ذریعے علی ظفر کے خلاف کی گئی ٹوئٹس پر وضاحت کرتے ہوئے ان سے اور ان کے اہل خانہ سے معذرت کی۔

ابتدائی طور پر مہوش اعجاز نے ایک ٹوئٹ کی کہ ’وہ علی ظفر اور ان کے اہل خانہ کو تکلیف پہنچانے پر معذرت خواہ ہیں، کیوں کہ ان کی جانب سے ہی کچھ واقعات کو سامنے لانے کے بعد ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا تھا‘۔

انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ وہ کس خاص وجہ کے باعث علی ظفر اور ان کے اہل خانہ سے معافی مانگ رہی ہیں تاہم انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں علی ظفر اور میشا شفیع کے عدالت میں زیر سماعت کیس کا ذکر کیا۔

مہوش اعجاز نے لکھا کہ چوں کہ علی ظفر اور میشا شفیع کا کیس ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے اور جلد ہی اس کے نتائج سامنے آنے والے ہیں جس کے بعد لوگوں کو اس بات کا علم ہوجائے گا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا؟

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں مہوش اعجاز نے مذکورہ کیس میں متحرک افراد کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں اس کیس میں پیش پیش کچھ افراد سے مایوسی بھی ہوئی تاہم انہوں نے اس مایوسی کی وضاحت نہیں کی۔

اپنی اسی ٹوئٹ میں مہوش اعجاز نے اعلان کیا کہ وہ علی ظفر پر لگائے گئے تمام الزامات والی ٹوئٹس واپس لے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا 'جھوٹا' الزام لگانے والی خاتون کی معذرت

معروف بلاگر کی جانب سے معافی کی ٹوئٹس کیے جانے کے بعد کئی افراد نے ان پر تنقید بھی کی جب کہ بہت سارے افراد نے ان کی معذرت اور غلطی ماننے کو بہادری سے بھی تشبیہ دی۔

میشا شفیع نے اپریل 2018 میں علی ظفر پر الزامات لگائے تھے—فوٹو: انسٹاگرام
میشا شفیع نے اپریل 2018 میں علی ظفر پر الزامات لگائے تھے—فوٹو: انسٹاگرام

بعض افراد نے مہوش اعجاز پر الزامات لگائے کہ انہوں نے پیسوں کے عوض علی ظفر کے خلاف الزامات لگائے تھے جس کے بعد انہوں نے ایک اور طویل وضاحتی ٹوئٹ کی اور بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی پیسوں کے لیے ٹوئٹس نہیں کیں۔

انہوں نےاپنی وضاحتی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’انہوں نے کبھی بھی کسی سے ٹوئٹس کے لیے پیسے نہیں لیے اور نہ ہی وہ پیسوں کے عوض ایسا کرتی ہیں تاہم وہ یہ سب کچھ اپنی سوچ اور ان ثبوتوں کی بنا پر کرتی ہیں جو انہوں نے اس وقت دیکھ رکھے ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: علی ظفر کی جرح مکمل، میشا شفیع کے گواہ طلب

انہوں نے اپنی وضاحتی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’وہ کوئی عدالت نہیں، جج و جیوری نہیں، وہ کوئی ایسی اتھارٹی نہیں جو یہ فیصلہ کرے کہ کون مجرم ہے، اس لیے وہ کسی کے حوالے سے فیصلہ کرنے والی نہیں۔

مہوش اعجاز نے لکھا کہ وہ حاصل ہونے والی معلومات اور واقعات کو خود دیکھنے کے بعد جو اچھا سمجھتی ہیں وہ لکھتی ہیں تاہم انہیں ملنے والی معلومات نامکمل بھی ہو سکتی ہے اور اگر عدالتیں کسی کو بے قصور ٹھہراتی ہیں تو وہ پہلی شخصیت ہوں گی جو اپنی غلطی کو تسلیم کریں گی۔

دونوں کا کیس لاہور کی سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
دونوں کا کیس لاہور کی سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

انہوں نے طویل ٹوئٹ میں لوگوں سے خود پر تنقید کرنے سے روکا اور کہا کہ کم سے کم انہیں پیسوں کے عوض ’بکاؤ‘ نہ سمجھا جائے کیوں کہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار علی ظفر نے سسرالیوں کے گھر پارٹی میں’چھوا‘: میشا شفیع

مہوش اعجاز کی اس وضاحتی ٹوئٹ پر بھی لوگوں نے ان پر تنقید کی اور کہا کہ یہ سب کچھ پہلے سوچنا تھا تاہم بعض افراد نے ان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا۔

خیال رہے کہ مہوش اعجاز سے قبل ایک اور صوفی نامی خاتون نے بھی علی ظفر سے ستمبر 2019 میں جنسی ہراسانی کے جھوٹے الزامات لگانے پر معافی مانگی تھی۔

علی طفر نے پہلے ہی دن میشا شفیع کےالزامات کو مسترد کیا تھا—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
علی طفر نے پہلے ہی دن میشا شفیع کےالزامات کو مسترد کیا تھا—فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

صوفی نامی خاتون نے ٹوئٹر پر اداکار سے معذرت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ انہیں ایک خاتون نے بتایا تھا کہ علی ظفر نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تاہم وہ نامکمل معلومات تھی اور انہوں نے نامکمل معلومات پر بھی گلوکار کےخلاف ٹوئٹس کیں۔

خاتون کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد علی ظفر نے بھی ان کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ اپنی غلطی کو تسلیم کرکے معافی مانگنا بہادری کا کام ہے۔

خیال رہے کہ علی ظفر کے خلاف بہت سارے افراد اور خاص طور پر خواتین نے اپریل 2018 کے بعد اس وقت سوشل میڈیا پر الزامات لگانا شروع کیے تھے جب کہ میشا شفیع نے ان پر ٹوئٹ کے ذریعے جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے۔

علی ظفر نے میشا شفیع کے الزامات کو مسترد کیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے گلوکارہ کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے پر لاہور کے سیشن کورٹ میں ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا جس پر درجنوں سماعتیں ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھیں عدالت نے میشا شفیع کے 2 ارب ہرجانے کے کیس کی سماعت روک دی

سیشن کورٹ میں علی ظفر اور ان کے 11 گواہوں کے بیانات مکمل ہوچکے ہیں اور اب میشا شفیع کے گواہوں کے بیانات قلم بند ہوں گے، اسی کیس میں میشا شفیع اور ان کی والدہ اداکارہ صبا حمید بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا چکی ہیں۔

اسی عدالت میں میشا شفیع نے بھی علی ظفر کے خلاف 2 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے جس پرعدالت نے سماعت روک رکھی ہے اور حکم دیا ہوا ہے کہ پہلے علی ظفر کے ہرجانے کے کیس کا فیصلہ ہوگا۔

دونوں ماضی میں انتہائی قریب رہ چکے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
دونوں ماضی میں انتہائی قریب رہ چکے ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024