• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

واہگہ بارڈ دھماکا کیس: 3 مجرمان کو 5، 5 مرتبہ موت کی سزا

شائع February 19, 2020
عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے 3 افراد کو بری کردیا —فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے 3 افراد کو بری کردیا —فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے واہگہ بارڈر دھماکا کیس میں جرم ثابت ہونے پر 3 مجرمان کو 5، 5 مرتبہ سزائے موت اور 3، 3 سو سال قید کی سزا سنا دی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں خصوصی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد نے مذکورہ کیس پر فیصلہ سنایا۔

مذکورہ کیس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل میاں طفیل اور عبدالجبار ڈوگر نے دلائل مکمل کیے جبکہ ملزمان کی جانب سے وکیل آصف جاوید قریشی نے بھی دلائل دیے۔

مزید پڑھیں: واہگہ بارڈر دھماکا، سیاسی قیادت کی سخت مذمت

اس کیس میں مجموعی طور پر 101 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، جس کے بعد تمام دلائل اور گواہوں کو سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا۔

عدلت نے ملزم حسیب اللہ، سعید جان اور حسین اللہ پر جرم ثابت ہونے پر انہیں 5، 5 مرتبہ سزائے موت، 3، 3 سو سال قید اور ایک، ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

ساتھ ہی عدالت نے ملزم شفیق، غلام حسین اور عظیم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ 3 افراد کے قتل کے ٹرائل کی بنیاد پر دیا گیا، اس حوالے سے عبدالجبار ڈوگر نے ڈان کو بتایا کہ واہگہ بارڈر خودکش حملے میں موت کا شکار ہونے والے افراد میں سے 3 کا پوسٹ مارٹم ہوا تھا اور اسی کے حوالے سے ٹرائل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: واہگہ بارڈر پر 'خودکش' حملہ، 60 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ باقی جتنے لوگ اس واقعے میں جاں بحق ہوئے تھے ان کی لاشوں کی حالت ایسی تھی کہ پوسٹ مارٹم ممکن نہیں تھا۔

خیال رہے کہ نومبر 2014 میں لاہور میں واہگہ بارڈ کے قریب بم دھماکے میں کم از کم 60 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم جنداللہ اور جماعت الاحرار نے علیحدہ علیحدہ قبول کی تھی، بعد ازاں واقعہ کا مقدمہ تھانہ باٹا پور پولیس نے درج کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024