• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سیکیورٹی، خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، سیکریٹری جنرل یو این

شائع February 17, 2020
انتونیو گوتریس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
انتونیو گوتریس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیکیورٹی، خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں غیر مثالی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامور اور افغان مہاجرین کے معاملے، افغان عمل عمل اور تنازع کشمیر سمیت مجموعی علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بات ہوئی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا دہشت گردی سے سیاحت کی طرف سفر غیر معمولی ہے، انتونیو گوتریس

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو غیر مثالی قرار دیا۔

انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی کشمیر میں آزاد رسائی پر پاکستان کا شکریہ ادا اور سیکیورٹی، خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔

انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے تفصیلی ملاقات کی تھی جہاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں زبانی اور عسکری کشیدگی کی کمی پر زور دیا تھا۔

مزید پڑھیں:پاکستان، بھارت 'کشیدگی' میں کمی کی کوشش کریں، انتونیو گوتریس

دفتر خارجہ میں ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور انتونیو گوتریس کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً پاک بھارت کشیدگی، مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں دونوں ملکوں سے مستقل تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دے رہا ہوں۔

انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں سیمینار سے خطاب کے بعد 'پاکستان کے دہشت گردی سے سیاحت تک کے سفر' سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ 'ہم دیکھ رہے ہیں کہ ریاست سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات سے متعلق کام کر رہی ہے اور یہ پیشرفت غیر معمولی ہے۔'

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024