• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: پراسرار گیس کے باعث 4 افراد جاں بحق

شائع February 17, 2020
ایدھی ترجمان کے مطابق 20 سے 25 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا—فائل/فوٹو:ڈان
ایدھی ترجمان کے مطابق 20 سے 25 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا—فائل/فوٹو:ڈان

کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ طور پر پراسرار زہریلی گیس پھیلنے سے بزرگ خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 15 بے ہوش ہوگئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ کیماڑی میں جیکسن مارکیٹ اور اطراف میں مجموعی طور پر 19 افراد بےہوش ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر بے ہوش ہونے والے تمام افراد کو کلفٹن میں واقع قریبی نجی ہسپتال منقتل کردیا گیا جہاں ایک خاتون سمیت 4 افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔

مزید پڑھیں:کراچی: لڑکا اور لڑکی کی پراسرار ہلاکت، لاشیں کار سے برآمد

ڈی آئی جی جنوبی کا کہنا تھا کہ 15 افراد اب بھی زیرعلاج ہیں اور طبی امداد کے بعد ان کے حواس بحال ہوچکے ہیں اور صحت بھی بہتر ہورہی ہے۔

واقعے کی ممکنہ وجوہات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ جیکسن مارکیٹ کے قریب بندرگاہ میں ایک جہاز لنگرانداز ہوا تھا اور اطلاعات کے مطابق اس جہاز میں سبزیاں لائی گئی تھیں اور جب اس کو کھولا گیا تو اندر سے دھواں اٹھا جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی سے بھی بات ہوئی ہے جنہوں نے کے پی ٹی اور پاکستان نیوی کے حکام سے رابطہ کیا ہے جبکہ کے پی ٹی، نیوی، ڈی سی ویسٹ، محکمہ صحت اور مقامی پولیس کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیم کو متاثرہ علاقے کی طرف بھیجا جارہا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 20 سے 25 افراد بے ہوش ہوگئے تھے جنہیں قریبی ہسپتال منقتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں ہر 96 ہزار افراد کیلئے ایک سرکاری ایمبولینس

ڈان نیوز کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کیماڑی میں 4 افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ افراد کو فوری امداد پہنچانے کی ہدایات جاری کردیں

انہوں نے حکام ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکےضروری اقدامات کیےجائیں اور محکمہ صحت کی ٹیمیں کیماڑی روانہ کردی گئیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024