• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

امریکا نے جنگی جرائم کے الزام پر سری لنکن آرمی چیف پر پابندی لگادی

شائع February 15, 2020
مائیک پومپیو کے مطابق  اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں نے دستاویزی ثبوت پیش کیے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
مائیک پومپیو کے مطابق اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں نے دستاویزی ثبوت پیش کیے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

واشنگٹن: امریکا نے سری لنکا میں 2009 کی خانہ جنگی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 'قابل اعتماد' ثبوتوں کی بنیاد پر سری لنکا کے آرمی چیف پر سفری پابندی عائد کردی۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل شیوندر سلوا اور ان کے قریبی خاندان کے افراد بھی امریکا کا دورہ نہیں کرسکیں گے۔

مزیدپڑھیں: سری لنکا حملوں کے تانے بانے بھارت سے جاملے

واضح رہے کہ گزشتہ برس لیفٹیننٹ جنرل شیوندر سلوا کی تعیناتی پر بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی تھی۔

مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ 'شیوندر سلوا کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کے قابل اعتبار ثبوت موجود ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں نے دستاویزی ثبوت پیش کیے ہیں۔

امریکی اسٹیٹ سیکریٹری نے کہا کہ 'ہم سری لنکا کی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کو فروغ دینے، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار افراد کو سزا دینے، سیکیورٹی کے شعبے میں اصلاحات اور انصاف اور مفاہمت کو آگے بڑھانے کے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے'۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا:اجتماعی قبر سے 278 انسانی ڈھانچے برآمد

واضح رہے کہ سری لنکا کے آرمی چیف 2009 میں تامل ٹائیگر باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی کے آخری مہینوں میں جزیرے کے شمالی جنگی زون میں آرمی ڈویژن کے کمانڈنگ آفیسر تھے۔

انسانی حقوق کے گروہوں کا دعویٰ ہے کہ سرکاری فوج نے سری لنکا میں شامل تامل پر قبضہ کرنے کے بعد نسل پرستی کی بنیاد پر 40 ہزار لوگوں کا قتل کیا تھا۔

اقوام متحدہ نے ان الزامات سے متعلق ایک رپورٹ میں کہا کہ جنگی جرائم کے ارتکاب میں لیفٹیننٹ جنرل شیوندر سلوا نے اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ 2009 کی جارحیت کی نتیجے میں تامل ٹائیگرز کو ایک دھچکا لگا تھا، جن کی چار دہائیوں سے جاری علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد میں مجموعی طور پر ایک لاکھ افراد ہلاک ہوچکے تھے۔

مزیدپڑھیں: سری لنکا میں صدارتی انتخاب، مسلمان ووٹرز کی بس پر فائرنگ

علاوہ ازیں امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا، سری لنکا کے ساتھ سیکیورٹی تعاون برقرار رکھے گا۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ 'ہم سری لنکا کی حکومت کے ساتھ اپنی شراکت داری اور سری لنکن عوام کے ساتھ چلنے والی دیرینہ جمہوری روایت کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024