'یہ بات ہضم کرنا مشکل ہے کہ لوگ اپنی نازیبا ویڈیوز خود لیک کرتے ہیں'
پاکستان کی نامور اداکارہ جگن کاظم کا ماننا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں خواتین کو خاص طور پر ٹارگٹ کرکے ان کی نامناسب تصاویر اور ویڈیوز لیک کی جارہی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں میزبان مبشر لقمان کو دیے ایک انٹرویو میں خواتین کی سوشل میڈیا پر نامناسب تصاویر اور ویڈیو لیک ہونے کے حوالے سے بات کی۔
گفتگو کے دوران اداکارہ نے کسی کا بھی نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ 'مانا کہ آج کل سوشل میڈیا کے زمانے میں ہر چیز وائرل ہوجاتی ہے شاید ایسی تصاویر کھنچوانا عقلمندی کی بات نہیں ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'لیکن میرا سوال یہ ہے کہ جب مرد ماڈلز، جو نامناسب ملبوسات میں ہوتے ہیں، تو انہیں کچھ نہیں کہا جاتا لیکن میڈیا میں صرف خواتین کو ہی کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟'
یہ بھی پڑھیں: جسمانی ساخت پر طنز کرنے والوں کو جگن کاظم کا کرارا جواب
ایک موقع پر جب مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ کچھ واقعات ایسے بھی ہوتے ہیں جہاں لوگ خود اپنی نامناسب ویڈیوز بناکر مقبولیت حاصل کرنے کے لیے انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کردیتے ہیں۔
اس پر جگن کاظم کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے یہ بات ہضم کرنا بےحد مشکل ہے کہ لوگ خصوصاً خواتین مقبولیت کے لیے خود اپنی ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں'۔
ایک موقع پر مبشر لقمان نے کہا کہ خود ہی اپنی نامناسب ویڈیوز بنانا بھی ایک قسم کی ذہنی بیماری ہے۔
مزید پڑھیں: ’ویڈیو وائرل کرنے والوں سے جان کو خطرہ تھا‘
اس پر جگن کاظم کا کہنا تھا کہ 'اگر کوئی اپنی ایسی ویڈیو بنا کر ریلیز بھی کررہا ہے تو لوگ اسے شیئر کیوں کررہے ہیں؟ کم از کم اگر کوئی خود ایسا کررہا ہے تو میں اس کی تشہیر نہیں کروں گی'۔
اداکارہ کے مطابق اگر کوئی اپنی نامناسب ویڈیو بناکر کسی کو بھیجتا بھی ہے تو شاید ان کا آپس میں کوئی ایسا تعلق ہوگا، لیکن اسے کوئی کچھ کیوں نہیں کہتا جو آگے اس ویڈیو کو وائرل کررہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی میڈیا میں ایسے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں جہاں خصوصاً خواتین کی نازیبا ویڈیوز وائرل ہوگئیں، صبا قمر، رابی پیرزادہ اور علیزے شاہ جیسی اداکارائیں اس کا شکار بن چکی ہیں۔