• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی: ماں کی لاش کو 12 سال تک فریزر میں رکھنے کا انکشاف

شائع February 13, 2020
گزشتہ رات محبوب نامی شخص نے کچرا خانے کے قریب لاش کی باقیات پھینکی تھی — تصویر: اسکرین شاٹ
گزشتہ رات محبوب نامی شخص نے کچرا خانے کے قریب لاش کی باقیات پھینکی تھی — تصویر: اسکرین شاٹ

کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 11 میں مبینہ طور پر بہن کی لاش کو کچرا خانے میں پھینکنے والے بھائی کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ لاش ذکیہ نامی خاتون کی ہے جن کا انتقال 10 سے 12 سال قبل ہوا تھا، لاش کو کریسنٹ اپارٹمنٹ کے قریب نیپا انسٹیٹیوٹ کی دیوار کے پاس سے برآمد کیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) تنویر اوڈھو کا کہنا تھا کہ ذکیہ کی وفات کے بعد ان کے بچوں نے ان کی لاش کو دفنانے کے بجائے فریزر میں رکھ دیا تھا۔

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ رات محبوب نامی شخص نے کچرا خانے کے قریب لاش پھینکی تھی جسے تحویل میں لے لیا گیا جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم کروالیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلین خاتون 7 سال گھر میں مردہ پڑی رہیں

پولیس کے مطابق لاش پھینکنے والے محبوب نامی شخص کی عمر 70 سال ہے اور وہ ذکیہ خاتون کا بھائی ہے، محبوب نے بتایا کہ ذکیہ خاتون کے بیٹا اور بیٹی نے ماں کی محبت میں ان کی لاش کو سنبھال کر رکھا ہوا تھا۔

اس حوالے سے مذکورہ شخص نے مزید بتایا کہ وہ 3 بہن بھائی تھے جس میں ذکیہ سب سے بڑی بہن تھیں جن کا انتقال 10 سے 12 سال قبل ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذکیہ کے بچوں کے نام شگفتہ ریاض اور قیصر ریاض تھے جو عزیز رشتہ داروں، اہلِ محلہ سمیت کسی کے ساتھ میل جول نہیں رکھتے تھے۔

محبوب کے مطابق انہوں نے کئی مرتبہ اپنی بہن کے بارے میں اپنے بھانجا اور بھانجی سے پوچھا لیکن اس کے باوجود بچوں نے انہیں اپنی ماں کی موت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

مزید پڑھیں: لاہور میں لرزہ خیز قتل، لاش کو گھر میں ہی دفن کردیا

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی بہن کے دونوں بچوں کا 4 ماہ قبل ہی انتقال ہوا تھا جو گلشن اقبال میں رہائش پذیر تھے البتہ اس فلیٹ میں آتے رہتے تھے جہاں ان کی ماں کی لاش موجود تھی۔

محبوب کے مطابق وہ کچھ روز قبل فلیٹ دیکھنے گئے تھے جہاں ہر طرف کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے تھے اور بستر پر ان کی بہن کی لاش رکھی ہوئی تھی جسے وہ کچرا کنڈی میں پھینک گئے تھے جس پر آج پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

ان کے مطابق خاتون کا بیٹا کسی کمپنی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ تھا جبکہ بیٹی گھر میں رہتی تھی، دونوں بہن بھائی ڈپریشن کے مریض اور غیر شادی شدہ تھے۔

بعدازاں خاتون کی لاش پھینکے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد واقعے نے نیا موڑ اختیار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: کار سے صحافی کی مسخ شدہ لاش برآمد

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق خاتون کے بھائی محبوب نے لاش فلیٹ سے نکالی اور اسے ایک چادر میں باندھ کر گاڑی میں رکھ دیا۔

جس کے بعد محبوب کی بیوی گاڑی میں سوار ہوئیں جبکہ ان کے بیٹے نے گاڑی چلائی اور لاش پھینکنے چلا گیا جبکہ محبوب واپس فلیٹ میں چلے گئے۔

پولس کے مطابق بچوں کے انتقال کے بعد ذکیہ کا فلیٹ کافی عرصے سے خالی تھا البتہ محبوب کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024