• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

کیا فیروز خان نے بھی شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا؟

شائع February 11, 2020
فیروز خان اپنے کیریئر میں کئی کامیاب ڈراموں کا حصہ بن چکے ہیں — فوٹو: انسٹاگرام
فیروز خان اپنے کیریئر میں کئی کامیاب ڈراموں کا حصہ بن چکے ہیں — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور اداکار حمزہ علی عباسی کے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد اب یہ خبریں بھی سامنے آرہی ہیں کہ ایک اور نامور اداکار شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

رپورٹس ہیں کہ ٹیلی ویژن انڈسٹری کے کامیاب اداکار فیروز خان نے بھی حمزہ علی عباسی کے نقشے قدم پر چلنے کا فیصلہ کرلیا۔

فیروز خان نے حال ہی میں اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کردیا جس کے بعد مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کے اکاؤنٹ غیر فعال ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب فیروز خان نے اپنا اکاؤنٹ غیر فعال کیا ہو، وہ اس سے قبل بھی ایسا کرچکے ہیں۔

لیکن اس بار ان کے شوبز کو چھوڑنے کی خبریں اس لیے وائرل ہوئیں کیوں کہ شاید وہ بھی حمزہ علی عباسی کی طرح اپنی زندگی صرف دین کی باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتے ہیں۔

فیروز خان کی اہلیہ علیزے رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حال ہی میں ایک اسٹوری شیئر کی، اسٹوری میں شیئر کی گئی تصویر میں ان کے ہمراہ فیروز خان موجود ہیں۔

اس تصویر پر علیزے نے لکھا کہ 'امید ہے یہ روحانی سفر آپ کی زندگی میں اعتماد پیدا کرے اور مقصد پورا کرے'۔

اس حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فیروز خان کی بہن دعا ملک نے بہت زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق ضرور کی کہ فیروز خان سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرکے اپنے ایمان کو تقویت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'انسٹاگرام ہمارے لیے ضروری ہوگا لیکن فیروز کے لیے نہیں، وہ کئی بار اپنے اکاؤنٹ کو غیر فعال کرچکے ہیں اور صرف گھر والوں کے اصرار پر واپس اکاؤنٹ فعال کیا'۔

ویسے فیروز خان ٹوئٹر پر تاحال موجود ہیں اور مداح وہاں ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

فیروز خان کی بہن نے ان کی شوبز سے کنارہ کشی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

فی الحال اداکار ایک فلم پر کام کررہے ہیں جبکہ ان کا ڈراما 'عشقیہ' اس وقت اے آر وائے پر نشر ہورہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024