• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کا پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی اپنی ٹیم سے اظہار لاتعلقی

شائع February 10, 2020 اپ ڈیٹ February 14, 2020
بھارت کی کبڈی ٹیم 8 فروری کو براستہ واہگہ پاکستان آئی تھی—فوٹو:ٹویٹر
بھارت کی کبڈی ٹیم 8 فروری کو براستہ واہگہ پاکستان آئی تھی—فوٹو:ٹویٹر

بھارتی حکام نے کبڈی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آنے والی اپنی ٹیم سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے کسی ٹیم کو اجازت نہیں دی گئی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کے سربراہ نریندر باترا کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان گئے ہوئے کسی کھلاڑی کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں، اسی طرح نہ آئی او اے اور نہ ہی امیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا (اے کے ایف آئی) نے کسی ٹیم کو ورلڈ کپ میں حصہ لینے کی منظوری دی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘آئی او اے نے کوئی منظوری نہیں دی اور فیڈریشن کی جانب سے بھی منظوری نہیں دی گئی اس لیے میں نہیں جانتا کہ کون گیا ہوا ہے اور 60 یا 100 کتنے ہیں مجھے اندازہ نہیں’۔

نریندر باترا کا کہنا تھا کہ ‘آئی او اے رکن کبڈی فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے کسی کو نہیں بھیجا اور وزارت کھیل کا بیان بھی میں نے دیکھا ہے اور انہوں نے بھی کوئی منظوری نہیں دی تو میں نہیں جانتا کہ وہ کون ہیں اور کہانی کیا ہے’۔

مزید پڑھیں:کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، کینیڈا کو شکست

رپورٹ کے مطابق اے کے ایف آئی کے منتظم ایس پی گیرج نے بھی تصدیق کردی کہ فیڈریشن نے پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے کسی ٹیم کو اجازت نہیں دی اور حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کھلاڑی بھارت سے صرف معلومات ملنے پر چلے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی کبڈی ٹیم 8 فروری کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچی تھی اور کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں حصہ لینے والی 10 ٹیموں میں شامل ہے لیکن بھارتی حکام کے ان بیانات سے بحث چھڑ گئی ہے۔

اسکرول ان کی رپورٹ کے مطابق عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والی بھارتی ٹیم کے لیے متعلقہ کھیل کی وزارت کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے جو منظوری کے لیے درخواست کو وزارت خارجہ امور اور وزارت داخلہ کو بھیج دیتی ہے چاہے اس ٹیم کی فنڈنگ سرکاری سطح پر ہو یا نہیں۔

اس سے قبل کبڈی کے گزشتہ تمام 6 ورلڈ کپ بھارت کی میزبانی میں ہوئے اور 2016 میں منعقدہ آخری کبڈی ورلڈ کپ بھی بھارت میں ہوا تھا۔

پاکستان کو کبڈی کے میدان میں عالمی سطح پر ممتاز مقام حاصل ہے اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے اور 8 روزہ ٹورنامنٹ کے میچز لاہور، فیصل آباد، کرتار پور اور ننکانہ صاحب میں ہوں گے۔

کبڈی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آنے والی دیگر ٹیموں میں بھارت کے علاوہ ایران، کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی، آزربائیجان، انگلینڈ، سیرالیون اور کینیا بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ لاہور میں 9 فروری کو ایک رنگارنگ تقریب کے بعد کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز ہوگیا تھا اور پاکستان نے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو شکست دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024