• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک

شائع February 10, 2020
جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں 
— فائل فوٹو: اے ایف پی
جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور میجر سمیت 3 بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بھارتی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں لائن آف کنٹرول کے جندروٹ اور نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 10 شہری زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کوٹلی میں جبار، سندھارا، سمبل گلی اور دبسی کے دیہات میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایک بھارتی فوجی کو ہلاک کردیا جبکہ ایک بھارتی میجر سمیت 3 بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک کشمیری شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔

بھارتی ناظم الامور کی طلبی

بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ ڈی جی ساؤتھ ایشیا زاہد حفیظ چوہدری نے گورو اہلووالیا کو طلب کرکے ضلع کوٹلی کے مختلف دیہاتوں میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہری آباد کو نشانہ بنانا 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں کو بے گناہ نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کے بھی منافی ہے اور ایل او سی پر بڑھتی ہوئی کشیدگی بھارت کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو ایل او سی کے دورے کی اجازت دی جائے۔

خیال رہے 8 فروری کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کرکے آزاد کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر کو نشانہ بنایا جہاں ایک شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں تھیں۔

بھارتی فوج نے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی کی اور چری کوٹ کے سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 افراد زخمی

قبل ازیں یکم فروری کو بھی بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کی گئی سیز فائر کی خلاف ورزی سے ایک شہری زخمی ہو گیا تھا جس کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر فائرنگ کی۔

بھارتی فورسز نے ستوال سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس سے 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا تھا۔

بھارت کی جاری ہٹ دھرمی اور ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمیشن کے سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024