• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی

شائع February 10, 2020
پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دی—فوٹو: اے پی
پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دی—فوٹو: اے پی

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شسکت دے دی۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے دی گئی برتری کو بھی ختم نہ کرسکی اور 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

چوتھے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو بنگلہ دیش کی ٹیم نے 126 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر دوسری اننگز شروع کی تاہم 4 رنز کے اضافے کے بعد ہی 130 رنز پر اس کی ساتویں وکٹ گر گئی۔

مزید پڑھیں: نسیم شاہ کا نیا عالمی ریکارڈ، ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر باؤلر بن گئے

جس کے بعد آنے والے کھلاڑی بھی اپنی ٹیم کے اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور 156 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

8 وکٹیں گنوانے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کے آخری دو کھلاڑی اپنی ٹیم کے اسکور میں صرف 12 رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 445 رنز بنا کر 212 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

جس کے بعد گزشتہ روز بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا تو ابتدا سے ہی اسے مشکلات کا سامنا تھا اور وہ کھیل کے تیسرے روز ہی 6 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان سے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 212 رنز درکار تھے تاہم اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ:بابر، شان کی سنچریاں، بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کو برتری

پاکستانی ٹیم نے اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 5وکٹیں حاصل کرنے پر نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم تقریباً 17 برس بعد ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آئی، اس سے قبل 2003 میں مہمان ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آئی تھی اور اس سیریز میں بنگلہ دیش کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024