پی ایس ایل5: ڈان گروپ پشاور زلمی کا میڈیا پارٹنر بن گیا
ڈان میڈیا گروپ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 5 کے لیے پشاور زلمی کے ساتھ خصوصی میڈیا پارٹنر کی حیثیت سے اشتراک کرلیا۔
مذکورہ اعلان پشاور زلمی کے چیف کمرشل افسر نوشیرواں آفندی کی جانب سے لاہور میں ڈان کے دفتر کے دورے کے وقت کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے کھیل کے رجحانات اور پشاور زلمی کے لیے مستقبل میں کی جانے والی ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں : پی ایس ایل 5 کیلئے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب
نوشیرواں آفندی نے کہا کہ ’ ڈان کے ساتھ بطور میڈیا پارٹنر تیسرا برس ہے اور اب تک ہمارا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، میں خوش ہوں کہ ہم اس شراکت کو آگے لے کر جارہے ہیں‘۔
علاوہ ازیں ڈان میڈیا گروپ کے کاشف سعید نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ یہ باہمی مفاد کا معاہدہ ہے، پشاور زلمی ٹورنامنٹ کی سب سے ہونہار ٹیموں میں سے ایک ہے، ہم اس برس ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے جو 22 مارچ تک جاری رہے گا، اس مرتبہ تمام میچز پاکستان میں ہوں گے جو نیشنل اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 5 میں پشاور زلمی کا پہلا میچ 21 فروری، 2020 کو کراچی کنگز کے ساتھ ہوگا۔