• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عالمی جرائم انڈیکس: کراچی کی پوزیشن میں 22 درجے بہتری

شائع February 7, 2020
جنوری 2020 میں کراچی میں جرائم کی سطح 55.20 رہی اس لیے درجہ بندی میں اس کا نمبر 88 رہا — فائل فوٹو / علی رضا کھتری
جنوری 2020 میں کراچی میں جرائم کی سطح 55.20 رہی اس لیے درجہ بندی میں اس کا نمبر 88 رہا — فائل فوٹو / علی رضا کھتری

شہر قائد کراچی جرائم کی عالمی درجہ بندی میں جنوری 2020 سے 5 درجے بہتری کے بعد 93ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نَمبیو ڈاٹ کام کی درجہ بندی رپورٹ مطابق کراچی کی جرائم کی عالمی درجہ بندی میں سال 2019 کے وسط کے بعد سے 22 درجے بہتری آئی ہے۔

نمبیو کے مطابق، جو شہریوں کی جانب سے جمع کرائے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر درجہ بندی کرتا ہے، حالیہ درجہ بندی تقریباً 36 ماہ پُرانے ڈیٹا کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

ویب سائٹ کی 'جرائم انڈیکس' کی تعریف کے مطابق یہ کسی بھی شہر یا ملک میں جرم کی مجموعی سطح کی جانچ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 'ہم 20 سے کم جرائم کی سطح کو بہت کم، 20 سے 40 کے درمیان کو کم، 40 سے 60 کے درمیان کو درمیانی، 60 سے 80 کے درمیان کو زیادہ اور پھر 80 سے زائد کی سطح کو بہت زیادہ سمجھتے ہیں۔'

جنوری 2020 میں کراچی میں جرائم کی سطح 55.20 رہی اس لیے درجہ بندی میں اس کا نمبر 88 رہا۔

اس وقت شہر قائد جرائم کے حوالے سے 55.15 کی 'درمیانی' سطح پر ہے اور دنیا کے 387 شہروں میں اس کا درجہ 93 ہے، جو شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'جی حضوری کرنے والا نہیں، صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے والا افسر چاہیے'

پولیس کے بیان کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ سید کلیم امام نے کہا کہ 2014 میں کراچی کا درجہ 6 تھا اور یہاں جرائم کی سطح 'انتہائی زیادہ' تھی۔

کلیم امام نے کہا کہ 'صوبہ سندھ اور اس کے تمام بڑے شہروں بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں مجموعی طور پر بہتری آئی ہے اور کئی نوعیت کے جرائم میں واضح کمی ہوئی ہے۔'

انہوں نے اس بہتری کی وجہ بہتر پولیسنگ اور جرائم کے خلاف سخت اقدامات کو قرار دیا۔

آئی جی نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں قتل، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، چوری/ڈکیتی اور بھتہ خوری سمیت مختلف جرائم میں بڑی حد تک کمی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی حکمت عملی اور منشیات فروشوں، گُٹکا مافیا، جواریوں اور معاشرے کے دیگر ناسوروں کے خلاف کارروائی کو نتیجہ خیز بنایا گیا ہے۔

جرائم کی عالمی درجہ بندی رپورٹ میں لاہور 236ویں نمبر پر موجود ہے جہاں جرائم کا انڈیکس 38.25 کے ساتھ 'کم' ہے، جبکہ اسلام آباد جرائم کی سطح 29.44 کے ساتھ 306 نمبر پر ہے۔

لاطینی امریکی ملک وینزویلا کا دارالحکومت کراکس جرائم کے اعتبار سے بدترین شہر ہے جہاں جرائم کی سطح 84.98 کے ساتھ 'بہت زیادہ' ہے، جبکہ ابوظہبی دنیا کا محفوظ ترین شہر جہاں جرائم کی سطح صرف 11.49 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024