• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

گلوکارہ صنم ماروی نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

صنم ماروی کی یہ دوسری شادی ہے—فوٹو: فیس بک
صنم ماروی کی یہ دوسری شادی ہے—فوٹو: فیس بک

معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے شوہر سے خلع لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

لوک و صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے شوہر حماد سے خلع کے لیے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی فیملی کورٹ میں اپنے وکیل کے توسط سے درخواست دائر کی۔

گلوکارہ نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا کہ شوہر ان پر تشدد کرنے سمیت ان کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کرتے ہیں اور وہ شوہر کے ایسے رویے برداشت کرکے تھک گئی ہیں۔

صنم ماروی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ان دونوں کی شادی مکمل اسلامی روایات کے مطابق ہوئی اور جوڑے کے 3 بچے بھی ہیں جن کی وجہ سے گلوکارہ شوہر کا تشدد برداشت کرتی ہیں۔

صنم ماروی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ اب وہ مزید شوہر کا تشدد اور نازیبا زبان برداشت نہیں کر سکتیں، اس لیے عدالت ان کے خلع کی ڈگری جاری کرے۔

گلوکارہ کے مطابق شوہر تشدد کرنے سمیت نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ کے مطابق شوہر تشدد کرنے سمیت نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

درخواست میں گلوکارہ نے بتایا کہ شادی کے ابتدائی سال میں ان کے شوہر کا رویہ بلکل درست تھا تاہم آہستہ آہستہ ان کا رویہ تشدد میں تبدیل ہوگیا۔

عدالت میں خلع کی درخواست دائر کیے جانے سے چند ماہ قبل گلوکارہ اور ان کے شوہر کے درمیان اختلافات کی خبریں شائع ہوئی تھیں۔

بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صنم ماروی کے شوہر کے پڑوس میں رہنے والی ایک ماڈل سے تعلقات ہیں جس وجہ سے گلوکارہ اور ان کے شوہر کے درمیان تنازعات ہونا معمول بن چکا ہے۔

تاہم بعد ازاں صنم ماروی نے ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا تھا لیکن اب انہوں نے شوہر سے خلع کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

صنم ماروی نے حامد سے 2010 کے بعد شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام
صنم ماروی نے حامد سے 2010 کے بعد شادی کی—فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ صنم ماروی کی یہ دوسری شادی ہے، ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔

ان کے پہلے شوہر کو ایک ایسے وقت میں قتل کیا گیا تھا جب وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں۔

صنم ماروی نے محض 18 سال کی عمر میں پہلی شادی کی تھی اور پہلے شوہر کے قتل کے چند سال بعد انہوں نے دوسری شادی، حامد سے کی جو ان کے کزن بھی ہیں۔

تین سال قبل 2017 میں ڈان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صنم ماروی نے بتایا تھا کہ ان کی پیدائش سندھ کے انتہائی غریب لوک فنکار کے گھر میں ہوئی اور انہوں نے بچپن میں بھوک بھی برداشت کی۔

صنم ماروی سندھ کے لوک فنکار کے ہاں پیدا ہوئیں—فوٹو: فیس بک
صنم ماروی سندھ کے لوک فنکار کے ہاں پیدا ہوئیں—فوٹو: فیس بک

صنم ماروی نے بتایا تھا کہ ان کے والد کو اپنی پرفارمنس کے عوض محض 200 روپے دیے جاتے تھے جس وجہ سے ان کے گھر کا خرچ بھی نہیں چل پاتا تھا اور وہ زیادہ تر کھانا کھائے بغیر ہی رات اور دن گزار دیتی تھیں۔

صنم ماروی کے مطابق چوں کہ وہ پانچ بہن بھائی تھے اور وہ سب سے بڑی تھیں تو والدہ انہیں کھانا کھائے بغیر رہنے کی تلقین کرتی تھیں۔

گلوکارہ نے بتایا تھا کہ ان کے والد کو بھی قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد ان کی والدہ نے دوسری شادی کی اور انہیں سوتیلے والد نے تعلیم دلوانے سمیت ان کی اچھی پرورش کی اور ان کی شادی بھی کروائی۔

تاہم شادی کے چند سال بعد ہی ان کے والد کی طرح ان کے شوہر کو بھی قتل کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے 2010 کے بعد اپنے کزن حامد سے دوسری شادی کرلی اور وہ سندھ سے پنجاب منتقل ہوگئیں۔

صنم ماروی نے سب سے زیادہ شہرت کوک اسٹوڈیو سیزن 4 سے ملی تھی جس کے بعد انہوں نے ٹی وی اور ریڈیو سمیت لائیو پرفارمنس میں بھی اپنا نام بنایا۔

صنم ماروی نے گلوکاری کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) لاہور سے دوسری شادی کے بعد کیا تھا۔

صنم ماروی اردو سمیت سندھی، پنجابی اور سرائیکی میں بھی گلوکاری کرتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
صنم ماروی اردو سمیت سندھی، پنجابی اور سرائیکی میں بھی گلوکاری کرتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024