• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

میڈونا کی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو گھر کی مشروط پیش کش

شائع February 6, 2020
میڈونا کی پیش کش پر تاحال برطانوی جوڑے نے کچھ نہیں کہا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
میڈونا کی پیش کش پر تاحال برطانوی جوڑے نے کچھ نہیں کہا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

امریکی پاپ گلوکارہ، اداکارہ، لکھاری و کاروباری خاتون 61 سالہ میڈونا نے گزشتہ ماہ شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے والے برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ کو امریکا میں گھر دینے کی مشروط پیش کش کردی۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے گزشتہ ماہ اچانک شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا، بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے ان کے فیصلے کے بعد اہم اجلاس بھی طلب کیا تھا۔

ملکہ برطانیہ کی جانب سے اہم اجلاس کے چند دن بعد ہی برطانوی شاہی محل سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اب شاہی ذمہ داریاں ادا نہیں کریں گے اور نہ ہی وہ اب شاہی محل کا حصہ ہوں گے تاہم ساتھ ہی کہا گیا تھا کہ وہ شاہی خاندان کا حصہ ضرور رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان

شاہی محل کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد شہزادہ ہیری اہلیہ اور بیٹے سمیت کینیڈا منتقل ہوگئے تھے جہاں وہ گزشتہ برس دسمبر میں ہی شفٹ ہوگئے تھے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو ایک بیٹا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو ایک بیٹا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اگرچہ تاحال یہ بات سامنے نہیں آئی کہ شہزادہ ہیری اور ان کا خاندان کس حیثیت میں کتنے وقت تک کینیڈا میں رہے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کا خاندان عارضی ویزا پر 6 ماہ کی مدت کے لیے کینیڈا میں رہنے کے بعد واپس کچھ عرصے کے لیے برطانیہ آئے گا اور پھر وہ کینیڈا جائے گا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ شاہی محل سے الگ ہونے کے بعد اپنی بقیہ زندگی شمالی امریکا اور برطانیہ میں گزاریں گے اور بعد ازاں یہ خبریں آئیں کہ وہ کینیڈا اور برطانیہ میں اپنی بقیہ زندگی گزاریں گے۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن کی شاہی حیثیت کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان

لیکن شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے کینیڈا میں بقیہ زندگی گزارنے کے فیصلے پر معروف پاپ گلوکارہ، اداکارہ و لکھاری میڈونا خوش نہیں ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ برطانوی جوڑا کینیڈا کے بجائے امریکا میں رہے۔

میڈونا کا ماننا ہے کہ شاہی جوڑا کینیڈا میں بہت جلد بور ہوجائے گا تاہم اگر وہ امریکا میں رہے تو ان کی زندگی رنگین ہو سکتی ہے اور اسی لیے انہوں نے شاہی جوڑے کو اپنا گھر دینے کی بھی مشروط پیش کش کردی۔

جوڑنے نے 9 جنوری کو شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
جوڑنے نے 9 جنوری کو شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں میڈونا نے ایک مختصر ویڈیو جاری کی، جس میں انہیں ایک پرتعیش گھر میں شیشے کے سامنے سجتے سنورتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’یہ طے ہونا باقی ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن کے کینیڈا میں اخراجات کون ادا کرے گا‘

میک اپ کرنے کے دوران میڈونا نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو مذکورہ گھر دینے کی مشروط پیش کش کی اور کہا کہ اگر شاہی جوڑا کینیڈا کے بجائے بقیہ زندگی امریکا میں گزارنا چاہے تو وہ انہیں نیویارک کے مہنگے اور پرتعیش ترین علاقے منہٹن میں واقع اپنا یہ فلیٹ کرائے پر دے سکتی ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

میڈونا نے ویڈیو میں کہا کہ وہ برطانوی جوڑے کو بتانا چاہتی ہیں کہ کینیڈا میں وہ جلد ہی بور ہوجائیں گے اس لیے انہیں وہاں کے بجائے امریکا میں شفٹ ہونا چاہیے۔

میڈونا نے اپنے گھر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا فلیٹ 2 بیڈرومز، بڑے لان اور دیگر پرتعیش چیزوں پر مشتمل ہے اور یہ فلیٹ شاہی جوڑے کی توقعات سے کہیں زیادہ خوبصورت ہے اور انہیں یقین ہے کہ انہیں یہاں رہنے میں مزا آئے گا۔

مزید پڑھیں: شاہی حیثیت سے علیحدگی کے بعد شہزادہ ہیری اہل خانہ سمیت کینیڈا منتقل

میڈونا نے شاہی جوڑے کو پیش کش کی کہ اگر وہ کینیڈا کے بجائے امریکا منتقل ہوں تو وہ انہیں اپنا یہ فلیٹ کرائے پر دے سکتی ہیں تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل سے کتنا کرایہ لیں گی؟

گلوکارہ نے شاہی جوڑے کو بتایا کہ وہ کینیڈا میں بور ہوجائیں گے—اسکرین شاٹ
گلوکارہ نے شاہی جوڑے کو بتایا کہ وہ کینیڈا میں بور ہوجائیں گے—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ میڈونا گزشتہ صدی کی دنیا کی 25 بااثر خواتین میں سے ایک ہیں اور انہوں نے کئی دہائیوں تک پاپ موسیقی پر بادشاہی کی۔

میڈونا نے اور بھی کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میڈونا کی پرتعیش اور رومانوی زندگی کے نمایاں پہلو

وہ امریکی ریاست مشی گن میں اگست 1958 میں پیدا ہوئیں اور چند سال بعد موسیقی اور رقص کی تربیت کے لیے نیویارک منتقل ہوگئیں۔

میڈونا نے 1980 میں کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے امریکا کے بعد یورپ اور پھر دنیا بھر میں مشہور ہوگئیں اور انہیں ’پاپ موسیقی کی ملکہ‘ کہا جانے لگا اور ان کا شمار امیر ترین گلوکاراؤں، اداکاراؤں و خواتین میں بھی ہوتا ہے۔

میڈونا کا شمار امیر ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا کا شمار امیر ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024