• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خلا میں ریکارڈ مدت تک رہنے والی خاتون زمین پر واپس آگئیں

شائع February 6, 2020
کرسٹینا کوچ کو خلا میں مسلسل سب سے زیادہ وقت تک رہنے کا اعزاز حاصل ہے — فوٹو: ناسا
کرسٹینا کوچ کو خلا میں مسلسل سب سے زیادہ وقت تک رہنے کا اعزاز حاصل ہے — فوٹو: ناسا

خلا میں کئی ریکارڈ بنانے والی امریکی خلانورد 41 سالہ کرسٹینا کوچ مسلسل 328 دن رہنے کے بعد زمین پر واپس آگئیں۔

وہ پہلی خلانورد خاتون ہیں، جنہوں نے مسلسل خلا میں تقریبا ایک سال کا عرصہ گزارا، ساتھ ہی ان کے پاس خلا میں کئی اہم کارنامے سر انجام دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

کرسٹینا کوچ 28 دسمبر 2019 کو وہ پہلی خاتون خلانورد بنیں تھیں جنہوں نے مسلسل 289 دن خلا میں گزارے، ان سے قبل خلا میں مسلسل سب سے زیادہ وقت تک رہنے کا ریکارڈ امریکی خاتون پیگی وٹسن کے پاس تھا جو 288 دن رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹینا کوچ مسلسل خلا میں زیادہ دن تک رہنے والی پہلی خاتون بن گئیں

کرسٹینا کوچ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے اکتوبر 2019 میں ساتھی خاتون خلانورد جیسیکا میر کے ساتھ مل کر عالمی خلائی اسٹیشن کی مرمت کرکے نیا اعزاز حاصل کیا تھا، وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والی پہلی خواتین تھیں۔

کرسٹینا کوچ نے مسلسل خلا میں زیادہ دن رہنے والی پہلی خاتون کا ریکارڈ دسمبر 2019 میں بنایا تھا—فوٹو: ناسا
کرسٹینا کوچ نے مسلسل خلا میں زیادہ دن رہنے والی پہلی خاتون کا ریکارڈ دسمبر 2019 میں بنایا تھا—فوٹو: ناسا

دونوں خلا نورد خواتین نے عالمی خلائی اسٹیشن کے باہر نصب پاور کنٹرول سسٹم میں لگی 2 بیٹریوں کو تبدیل کیا اور انہیں اپنا مشن مکمل کرنے کے لیے خلائی اسٹیشن کے اندر جانے کی ضرورت نہیں پڑی۔

اگرچہ پہلے بھی عالمی خلائی اسٹیشن کی بیٹریوں سمیت مرمت کے دیگر کاموں کے لیے خواتین خلا نورد جا چکی تھیں تاہم ماضی میں خواتین کسی نہ کسی مرد خلانورد کے ساتھ روانہ ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: خواتین خلانوردوں نے پہلی بار خلائی مشن مکمل کرکے تاریخ رقم کردی

اسی طرح کرسٹینا کوچ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے خلا میں پہلی بار غذا تیار کی تھی۔

کرسٹینا کوچ نے دسمبر 2019 میں کرسمس کے موقع پر خلائی اسٹیشن پر ایک خاص طرح کے مائیکرو اوون میں 5 اقسام کی مختلف غذائیں تیار کی تھیں جنہیں گزشتہ ماہ 7 جنوری کو زمین پر بھیجا گیا تھا.

پہلی بار خواتین خلانوردوں کرسٹینا کوچ اور جیسیکا میر نے اکتوبر 2019 میں خلائی اسٹیشن کی مرمت بھی کی تھی—فوٹو: ناسا ٹوئٹر
پہلی بار خواتین خلانوردوں کرسٹینا کوچ اور جیسیکا میر نے اکتوبر 2019 میں خلائی اسٹیشن کی مرمت بھی کی تھی—فوٹو: ناسا ٹوئٹر

ناسا نے تصدیق کی تھی کہ عالمی خلائی اسٹیشن پر تیار کی گئی 5 میں سے 3 غذائیں 7 جنوری کو نجی خلائی آلات بنانے والی کمپنی اسپیس ایکس کے راکٹ کے ذریعے زمین پر پہنچی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹینا کوچ نے پہلی بار خلا میں غذا تیار کرلی

خلا میں اپنی رہائش کے تقریبا ایک سال میں کئی کارنامے سر انجام دینے والی 41 سالہ خلانورد کرسٹینا کوچ خلا میں 328 دن رہنے کے بعد 6 فروری 2020 کو زمین پر واپس آگئیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کرسٹینا کوچ یورپین خلائی ایجنسی کے ایک خلانورد ساتھی کے ساتھ زمین پر واپس آئیں اور وہ قازقستان پر اتریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024