• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ترکی: مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر 3 ٹکڑے ہوگیا، درجنوں افراد زخمی

شائع February 6, 2020
طیارہ استنبول کے سَبیحا گوچین ایئرپورٹ سے اِزمیر کے ساحلی شہر ایگان جارہا تھا — فوٹو: اے ایف پی
طیارہ استنبول کے سَبیحا گوچین ایئرپورٹ سے اِزمیر کے ساحلی شہر ایگان جارہا تھا — فوٹو: اے ایف پی

ترکی کے شہر استنبول کے ایئرپورٹ پر 177 کو لے کر آنے والا طیارہ بے قابو ہو کر رَن وے سے پھسل گیا جس سے اس میں آگ لگ گئی اور جہاز تین ٹکڑے ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ترک حکام نے کہا کہ حادثے میں کوئی مسافر ہلاک نہیں ہوا، تاہم درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے 'این ٹی وی' کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بوئنگ 737 طیارہ ترکی کی پیگاسَس ایئرلائن کی ملکیت تھا جو استنبول کے سَبیحا گوچین ایئرپورٹ سے اِزمیر کے ساحلی شہر ایگان جارہا تھا۔

طیارے کو حادثہ بظاہر تیز ہوا اور شدید بارش کے باعث پیش آیا۔

استنبول کے گورنر علی یَرلیکایا نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ حادثے میں کوئی ہلاک نہیں ہوا، تاہم 52 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

ترک میڈیا کا کہنا تھا کہ حادثے میں طیارے کے دو پائلٹ، جن میں سے ایک ترک اور دوسرا جنوبی کورین تھا، شدید زخمی ہوئے۔

نجی ٹی ویلی چینل این ٹی وی نے شدید تباہ ہونے والے طیارے اور اس میں لگی آگ کی تصاویر نشر کیں، آگ پر بعد ازاں فائر فائٹرز نے قابو پالیا۔

استنبول کے گورنر نے کہا کہ طیارے میں 171 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

ترک میڈیا نے کہا کہ مسافروں میں 12 بچے بھی شامل تھے۔

مزید پڑھیں: ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب رن وے پر طیارے کو حادثہ، 3 افراد ہلاک

حادثے کے بعد چند مسافر اپنی مدد آپ کے تحت طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب رہے، جبکہ دیگر کو ریسکیو عملے نے باہر نکالا۔

استنبول کے پبلک پراسیکیوٹر نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024