مقبول ڈرامے ’ان کہی‘ کو نئے انداز میں تھیٹر پر پیش کیا جائے گا
تقریباً 4 دہائیاں قبل پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیے جانے والے حسینہ معین کے لکھے گئے مقبول ڈرامے ’ان کہی‘ کو نئے انداز میں جلد ہی تھیٹرز میں پیش کیا جائے گا۔
’ان کہی‘ کو پہلی بار پی ٹی وی پر 1982 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 31 قسطیں تھیں اور اس ڈرامے کو پاکستان کے 20 مقبول ترین ڈراموں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔
اس ڈرامے کے اداکاروں شہناز شیخ، جاوید شیخ، شکیل، سلیم ناصر، بہروز سبزواری اور جمشید انصاری کی بے مثال اداکاری اور دلوں میں گھر کر جانے والے مکالمے آج تک یاد کئے جاتے ہیں۔
جب اس ڈرامے کو نشر کیا گیا تھا اس وقت پی ٹی وی پر حسینہ معین اور شہناز شیخ کا طوطی بولتا تھا اور اس ڈرامے میں بھی ان کا جادو سرچڑھ کر بولا، خاص طور پر شہناز شیخ کی اوٹ پٹانگ حرکتیں ناظرین کے دلوں میں ایسی بسیں کہ آج تک وہی موجود ہیں جبکہ اسی تھیم پر ہندوستان میں کئی فلمیں بھی تیار کی گئیں۔
’ان کہی‘ کی ہدایات شعیب منصور نے دی تھیں اور اب جلد ہی مداحوں کے اس مقبول ڈرامے کو نئے انداز میں تھیٹر پر پیش کیا جائے گا۔
’ان کہی‘ کو نئے انداز میں تھیٹر کی پروڈکشن کمپنی ’کاپی کیٹس‘ پیش کرے گی اور اس ڈرامے کو تھیٹر انداز میں داور محمود نے تحریر کیا ہے۔
داور محمود نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تھیٹر پر جلد ہی پیش کیے جانے والے ’ان کہی‘ کو مقبول ڈرامے کا سیکوئل نہیں کہا جا سکتا کیوں کہ پرانے ڈرامے کو ہی اسٹیج کے مگر نئے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ان کہی ہر دور کے 20 بہترین پاکستانی ڈراموں میں سے ایک
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شائقین ڈرامے کو تھیٹر میں دیکھ کر خوش ہوں گے اور انہیں بالکل بھی یہ احساس نہیں ہوگا کہ انہوں نے کوئی نیا ڈراما دیکھا ہے اور ساتھ ہی نئے انداز سے نیا ڈراما ناظرین بھی محظوظ ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ان کہی‘ کو تھیٹر انداز میں تبدیل کرنے کے لیے ’کاپی کیٹ‘ کی پوری ٹیم نے محنت کی ہے اور اس کے ڈائلاگز مذکورہ پروڈکشن کے منجھے ہوئے لکھاریوں نے لکھے ہیں اور ان ڈائلاگز کو انور مقصود چیک کر رہے ہیں۔
’ان کہی‘ کا اسکرپٹ مکمل کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس ڈرامے کے اداکاروں کی ریہرسل شروع ہوجائے گی۔
ٹی وی کے ڈراموں کو اسٹیج پر پرفارم کرنے کے لیے اداکاروں کے انتخاب کا سلسلہ جاری ہے تاہم ڈرامے کی مرکزی اداکارہ کو منتخب کرلیا گیا ہے۔
ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے میں شہناز شیخ نے اہم کردار ادا کیا تھا جب کہ اسٹیج پر ان کا کردار اداکارہ آمنہ الیاس ادا کریں گی۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ڈرامے میں جاوید شیخ کے مرکزی کردار کی جگہ کس اداکار کو منتخب کیا جائے گا تاہم ڈرامے کی ٹیم جلد ہی اس حوالے سے اعلان کرے گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈرامے کو آئندہ ماہ 15 مارچ سے کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان سے شروع کیا جائے گا۔