• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

امریکا کے طالبان سے امن معاہدے سے قبل کارروائیاں روکنے کے مطالبات

شائع February 3, 2020 اپ ڈیٹ February 4, 2020
مائیک پومپیو ازبکستان میں میڈیا سے گفتگو کرررہے تھے—فوٹو:اے ایف پی
مائیک پومپیو ازبکستان میں میڈیا سے گفتگو کرررہے تھے—فوٹو:اے ایف پی

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نےطالبان سے ‘واضح ثبوت’ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں امن معاہدے پر دستخط اور امریکی فوجیوں کے انخلا سے قبل کشیدگی میں کمی آسکتی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق مائیک پومپیو نے ازبکستان میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم طالبان کے ساتھ معاہدے کے قریب ہیں لیکن اس سے پہلے بھی قریب پہنچے تھے مگر ناکام ہوئے کیونکہ طالبان سنجیدگی دکھانے میں ناکام ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید کام کرنا باقی ہے تاکہ امن مذاکرات شروع کیے جاسکیں۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ ‘ہم امن اور مصالحتی منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس میں کوما کو درست جگہ لگا رہے ہیں اور جملوں کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں’۔

مزید پڑھیں:امریکی نمائندہ خصوصی امن مذاکرات کے لیے کابل پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ ‘ہم پہلے بھی معاہدہ کرنے کے قریب تھے، ایک کاغذ کا ٹکڑا جس کو ہم نے مشترکہ طور پر بنایا تھا اور طالبان اپنی مرضی یا صلاحیت یا دونوں وجوہات کے باعث کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اس پر عمل نہیں کر پائے تھے’۔

طالبان سے امن معاہدے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اب ہم ان سے کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنے ارادوں اور صلاحیت کا ثبوت دکھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ کم کشیدگی کے ماحول میں خطرات کم کیے جائیں اور انٹرا افغان مذاکرات ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم پرامید ہیں کہ وہ سب کچھ حاصل کر سکیں گے لیکن ہم اب تک متعلقہ پوزیشن پر نہیں ہیں اور کام کرنا باقی ہے’۔

مائیک پومپیو کا افغان امن عمل کے حوالے سے بیان امریکی نمائندے برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے دورے کے دو روز بعد سامنے آیا ہے جنہوں نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات میں کہا تھا کہ ‘طالبات سے مذاکرات میں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے’۔

زلمے خلیل زاد نے کوئی وضاحت دیے بغیر کہا تھا کہ وہ کشیدگی کم کر کے طالبان کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پرامید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اگر امریکا نے طالبان سے جلد معاہدہ نہ کیا تو تاریخی موقع ضائع ہوسکتا ہے، وزیر خارجہ

زلمے خلیل زاد کابل جانے سے اسلام آباد پہنچے تھے جس کے حوالے سے امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ وہ طالبان کو حملوں میں کمی لانے اور معاہدے پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے آئے ہیں اور یہ 18 سال سے جاری افغان جنگ کو ختم کرنے کے لیے امن معاہدے کی جانب پہلا قدم ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے امریکی نمائندے کے دورے سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے امن معاہدے پر دستخط کے لیے زلمے خلیل زاد کو 10 روزہ جنگ بندی کا ایک موقع فراہم کیا تھا جس کو انٹرا افغان مذاکرات میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ امریکا نے 11 ستمبر 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں حملے کے بعد افغانستان میں القاعدہ و طالبان کے خاتمے کے لیے جنگ کا آغاز کیا تھا جو 18 سال سے زائد عرصے سے جاری ہے اور اس جنگ میں ہزاروں شہری اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا اور طالبان کے درمیان جاری اس جنگ کے خاتمے کے لیے دونوں فریقین کے درمیان اکتوبر 2018 میں مذاکرات شروع ہوئے تھے اور ایک سال سے زائد عرصے جاری رہے تھے۔

مزید پڑھیں:امریکا کے طالبان سے مذاکرات بحال، قطر میں مذاکرات کا پہلا دور

گزشتہ برس ستمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا جب افغانستان میں ایک کارروائی میں امریکی فوجی کو مارا گیا تھا جبکہ مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔

زلمے خلیل زاد نے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی کوشش بھی کی تھی اور ایک دور منعقدہ ہوا تھا جس کے بعد طالبان نے اشرف غنی کی حکومت کو امریکی کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024