• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

بغاوت کا الزام: گرفتار 23 افراد کی ضمانت منظور، 'آپ کسی کے محب وطن ہونے پر کیسے شک کرسکتے ہیں؟'

شائع February 3, 2020
عدالت عالیہ میں چیف جسٹس نے مذکورہ معاملے کی سماعت کی—فائل فوٹو: ڈان
عدالت عالیہ میں چیف جسٹس نے مذکورہ معاملے کی سماعت کی—فائل فوٹو: ڈان

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے پر گرفتار کیے گئے کارکنان کو ضمانت بعد از گرفتاری دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پشتون تحفظ موومنٹ اور عوامی عوامی ورکرز پارٹی (اے ڈبلیو پی) سے تعلق رکھنے والے 23 کارکنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت عالیہ کے چیف جسٹس نے اسلام آباد پولیس کے سربراہ کی عدالت میں غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ آئی جی کہاں ہیں انہیں بلایا تھا، جس پر ڈی آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ وہ چھٹی پر ہیں۔

مزید پڑھیں: پشاور: پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین گرفتار، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ڈپٹی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمیں آپ سے اور موجودہ حکومت سے یہ توقع نہیں تھی، کیا آپ نے ایف آئی آر پڑھی ہے، دہشت گردی کی دفعات کس قانون کے تحت لگائی گئیں۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ موجود ہے جس میں دہشت گردی کی تعریف بیان کی گئی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ ریاست کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ریاست کا کام لوگوں کی حفاظت کرنا ہے، آپ کسی کے محب وطن ہونے پر کیسے شک کر سکتے ہیں؟

سماعت کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو کیا لگتا ہے کہ آئینی عدالتیں اس معاملے پر آنکھیں بند کردے گی، اس مقدمے کی تہہ تک جائیں گے، اگر حکومت نے کچھ غلط کیا ہے تو اسے مانیں۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے کہا کہ ڈی سی، آپ اور آئی جی ایک ساتھ بیٹھ کر اس معاملے کو دیکھیں، ایک ہفتے کا وقت دے رہا ہوں اس معاملے کو دیکھ کر رپورٹ جمع کروائیں۔

جس کے ساتھ ہی عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے تمام افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

اس سے قبل ہفتے کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان مظاہرین کے خلاف بغاوت کے مقدمے میں کیپیٹل پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے وضاحت طلب کی تھی۔

عدالت عالیہ نے اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر اور پولس سربراہ کو پیش ہونے کا کہتے ہوئے 3 فروری کو گرفتار افراد سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا تھا۔

درخواست گزاروں کے وکیل عمار راشد اور دیگر نے چیف جسٹس کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ 'درخواست گزاروں کے خلاف بدنیتی پر مبنی مقدمہ دائر کیا گیا'۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی ایم رہنما محسن داوڑ رہا، دیگر 23افراد ریمانڈ پر جیل منتقل

یاد رہے کہ 30 جنوری کو اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد سہیل نے زیر حراست کارکنوں کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بادی النظر میں یہ دہشت گردی کا مقدمہ ہے کیونکہ دوران احتجاج مظاہرین نے حکومت اور فوج مخالف نعرے بازی کی۔

واضح رہے کہ منگل 28 جنوری کو اسلام آباد پولیس نے پی ٹی ایم رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ سمیت پی ٹی ایم اور اے ڈبلیو پی کے متعدد کارکنان کو نیشنل پریس کلب کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ اپنے گروپ کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔

یہاں یہ یاد رہے کہ منظور پشتین کو 27 جنوری کی علی الصبح پشاور کے شاہین ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر شہر کی سینٹرل جیل بھیج دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024