• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

طورخم بارڈر پر اسمگلنگ میں ملوث 2افسران سمیت 7افراد معطل

شائع February 2, 2020
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان— فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث دو افسران کے ساتھ ساتھ طورخم بارڈر پر اسمگلنگ میں ملوث 7افراد کو فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

سیالکوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 72سال سے ملک کے نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیا ایک طرف آ کر عمران خان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: فردوس عاشق کی پرانے نوٹس پر غیرمشروط معافی قبول، توہین عدالت کا نیا نوٹس جاری

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنے بھی سیاستدان آئے انہوں نے اپنی سیاست بچانے اور مقبولیت کے لیے ایسے فیصلے کیے جس سے پاکستان کا قد نیچے جاتا رہا کیونکہ ان کی پالیسیاں اپنی ذات اور سیاست کو بچانے کے لیے تھی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک کے نظام میں تبدیلی اور اصلاحات مشکل ترین کام ہے اور وزیر اعظم عمران خان اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر اور اپنی مقبولیت کے گراف کو وقتی طور پر پس پشت ڈالتے ہوئے اس وقت پاکستان کی فکر کر رہے ہیں اور ملک میں اصلاحات متعارف کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے صنعت کار اور سرمایہ دار عوام کے درد سے ناآشنا ہیں، پاکستان کا اصل درد 5فیصد مراعات یافتہ طبقہ ہے جس نے 72سال سے 95فیصد طبقے کو یرغمال بنایا اور ان کے حقوق کو چھینا۔

'بیماریوں کے نام پر عدالت سے عارضی چھٹی لی گئی'

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے طوفان کے لیے ہمیں اس کی وجوہات کو دیکھنا چاہیے، عمران خان کو اقتدار میں آئے ہوئے 15ماہ ہوئے ہیں اور اس مہنگائی کی وجہ وہ ڈاکو ہیں جنہوں نے عوام کے حقوق کو چھینا اور پاکستان کا صفایا کر کے بمع اہل و عیال لندن میں عیاشیوں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دوست تو بدلے جا سکتے ہیں لیکن ہمسائے نہیں، فردوس عاشق اعوان

اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیماریوں کے نام پر علاج کے لیے عدالتوں سے عارضی چھٹی لی گئی اور حیران کن بات ہے کہ اتنے ماہ گزرنے کے باوجود آپ نے عوام کو پلیٹلیٹس کی داستان نہیں سنائی کیونکہ یہ ایک ایسی پراسرار بیماری ہے جو اقتدار کے جانے سے جڑی ہوئی ہے اور اس کو آپ نے اپنے فرار کا ذریعہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے درد سے ناآشنا ہیں کیونکہ اگر اس خاندان کو عوام کا درد ہوتا تو سب سے پہلے ان کے بچے اور ان کا خاندان پاکستان کے قانون کا تابع ہوتا لیکن انہوں نے ہمیشہ پاکستان اور اس کے قانون کو اپنا تابع بنایا۔

فردوس عاشق اعوان نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آپ کی بہتری کے لیے جو پالیسیاں بنائی ہیں، وہ دن دور نہیں جب آپ کو ان کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: نوازشریف کی پلیٹلیٹس کے حوالے سے اصل مرض کا پتہ چلانا ضروری ہے،فردوس اعوان

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو جس مافیا کے چیلنج کا سامنا ہے وہ کبھی گندم ذخیرہ کرتا ہے، کبھی آٹا مہنگا کرتا، کبھی چینی کے اسٹاک کر کے مصنوعی بحران پیدا کرتا ہے لیکن وزیر اعظم ان عوام دشمن سوچ کے حامل دونوں مافیاز سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

'کوئٹہ میں آٹا اسمگل ہورہا تھا'

اس موقع پر انہوں نے آٹے کی اسمگلنگ میں ملوث افسران کی معطلی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کلیکٹوریٹ میں آٹا افغانستان اسمگل کیا جا رہا تھا، کسٹم انٹیلی جنس کی رپورٹ پر وزیر اعظم نے ایکشن لیتے ہوئے اس کام میں ملوث دونوں ڈائریکٹرز کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی اے کو ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا بھی حکم دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طورخم پر آنے والے پاکستان کے مال کی ڈیوٹی میں ہیرا پھیری ہوتی تھی اور کنٹینرز کی جانچ بھی غلط کی جاتی تھی جس کی آڑ میں پاکستان میں اسمگلنگ بڑھتی تھی اور اسمگل شدہ اشیا پاکستان کی منڈیوں میں پہنچنے سے ہماری صنعت ڈوبتی اور لوگ روزگار سے محروم ہوتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 'گندم کی افغانستان اسمگلنگ میں ملوث دو سرکاری افسران کو معطل کیا گیا'

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے طورخم بارڈر پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسمگلنگ میں ملوث دو کلیکٹرز اور اسسٹنٹ کلیکٹرز سمیت عملے کے7افراد معطل کیے ہیں اور ہم انکوائری کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچا رہے ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان عوام کے مفاد کے لیے جدوجہد میں مصروف عمل ہیں اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا اس حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر ہے اور سرحد پر رہنے والے سیالکوٹ کے عوام سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں استحصال کے خلاف وہ ہاتھوں کی زنجیر بنا کر سرحد پار ہندوستان کو یہ پیغام دیں کہ پاکستان میں بسنے والا ہر پاکستانی کشمیریوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024