• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کیلئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا

شائع February 2, 2020
بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت مومن الحق کریں گے—فوٹو: بی سی بی
بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت مومن الحق کریں گے—فوٹو: بی سی بی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے پہلے مرحلے کے واحد ٹیسٹ میچ کے لیے مومن الحق کی قیادت میں 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

بی سی بی نے پاکستان کی جانب سے اپنی ٹیم کے اعلان کے بعد 14 کھلاڑیوں کے نام بھی جاری کردیے ہیں جو پاکستان آئیں گے اور ایک ٹیسٹ کھیلیں گے جبکہ تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ نہیں ہیں۔

بنگلہ دیش کی ٹیم میں ٹی ٹوئنٹی کے لیے گزشتہ ماہ پاکستان آنے والے سینئر کھلاڑی تمیم اقبال، محموداللہ اور سومیا سرکار بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے سیریز کیلئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد

پاکستان کا دورہ کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں:

مومن الحق (کپتان)، تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسن شانتو، محموداللہ، محمد متھن، لٹن داس، تیج الاسلام، نعیم حسن، عبادت حسین، ابوجائید چوہدری راہی، الامین حسین، روبیل حسین، سومیا سرکار۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا اور بنگلہ دیش کے ٹیم 4 فروری کو ڈھاکا سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی اظہر علی کی قیادت میں 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں فواد عالم کو ایک مرتبہ پھر شامل کیا گیا ہے اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب کیے گئے کاشف بھٹی اور عثمان شنواری کو اس سیریز کے لیے شامل نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:تیسرا ٹی20 بارش کی نذر، پاکستان کی عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے موزوں ترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی تھی جس میں پاکستان نے 0-2 سے برتری حاصل کی تھی، جبکہ تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم سیریز کے دوسرے مرحلے میں اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے اختتام پر بنگلہ دیش کی ٹیم اپریل میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں سیریز کا واحد ون ڈے میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی ٹیم دو مرحلوں میں دورہ پاکستان پر رضامند

اس کے بعد 5 سے 9 اپریل تک سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نبرد آزما ہوں گی۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی حکومت کی جانب سے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے حوالے سے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام کی جانب سے بی سی بی سے مذاکرات کرکے انہیں راضی کرلیا تھا اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باعث سیریز کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024