• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

برطانیہ کے بعد امریکی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی، پاکستان کا اظہار تشکر

شائع February 1, 2020
پاکستان نے ملک بھر میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے انتھک اقدامات کیے ہیں، عائشہ فاروقی — فائل فوٹو / ریڈیو پاکستان
پاکستان نے ملک بھر میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے انتھک اقدامات کیے ہیں، عائشہ فاروقی — فائل فوٹو / ریڈیو پاکستان

برطانیہ کے بعد امریکا نے بھی ٹریول ایڈوائزری تبدیل کردی جس کا پاکستان کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امریکی ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کیا گیا ہے اور یہ صحیح سمت میں قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک بھر میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے انتھک اقدامات کیے ہیں، سلامتی کی صورتحال میں واضح بہتری کے باعث اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو دوبارہ اپنے عملے کے لیے فیملی اسٹیشن قرار دیا ہے، جبکہ پاکستانی اقدامات کو تسلیم کرتے ہوئے حال ہی میں برطانیہ نے بھی پاکستان کے حوالے سے اپنے سفری ہدایت نامے میں تبدیلی کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پرتگال اور ناروے کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کے حوالے سے مثبت فیصلے بھی ان یورپی حکومتوں کے پاکستان کے سیکیورٹی ماحول پر اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈ یافتہ میگزین کی جانب سے پاکستان کو 2020 کے لیے سیاحت کا سب سے مقبول ملک بھی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا پاکستان کیلئے برطانوی ٹریول ایڈوائزری کا خیر مقدم

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزاد ویزا پالیسی اور سیاحت کے لیے بہترین ماحول کے باعث ہم پرامید ہیں کہ دنیا بھر سے بڑے پیمانے پر سیاح پاکستان آئیں گے، جبکہ پاکستانی عوام غیر ملکی سیاحوں کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ نے پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری تبدیل کر دی تھی۔

اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ‘برطانیہ نے آج سفری ہدایات تبدیل کردی ہے جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے’۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا’۔

برطانوی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ‘2015 کے بعد یہ پہلی اہم پیش رفت ہے’۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ نے پاکستان کو 'فیملی اسٹیشن' قرار دے دیا

پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبدیلیوں سے برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اور بمبورت وادیوں تک بذریعہ سڑک جانے کی اجازت ہو گی’۔

پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ ‘دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ حکومتِ پاکستان کی گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و امان کو بہتر کرنے کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے’۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ اب برطانیہ کے شہری پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے’۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024