• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس:پاکستانیوں کو اپنےشہریوں کی طرح سہولت فراہم کررہے ہیں، چینی وزیر خارجہ

شائع January 31, 2020
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا — فائل فوٹو / دفتر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا — فائل فوٹو / دفتر خارجہ

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف چینی حکومت پاکستانی برادری کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور ان کو اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں چین میں کورونا وائرس کے حملے اور وبا سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزیر خارجہ نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سی چینی حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے، چینی حکومت پاکستانی برادری کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور ان کو اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

وانگ ژی نے چین کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے حملے اور چینی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تمام حفاظتی اقدامات سے شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین میں مقیم پاکستانی برادری بالخصوص زیر تعلیم طلبہ کو اس وبا سے بچانے کے لیے چینی حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: چین میں پاکستانی طلبہ مشکلات کا شکار، ایک مرتبہ پھر حکومت سے مدد کا مطالبہ

شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی حکام کی جانب سے اب تک کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کو خصوصی توجہ دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 213 ہوگئی جبکہ وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے اسے عالمی ہنگامی صورتحال قرار دے دیا ہے۔

چین نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں جس میں 5 کروڑ سے زائد افراد کو بھرپور طریقے سے قرنطینہ میں رکھنا شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین سے پاکستانیوں کو نہ نکالنا ہی سب کے لیے بہتر ہے، معاون خصوصی صحت

جمعے کے روز حکومت نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 43 ہلاکتیں ہونے کی تصدیق کی اور گزشتہ 10 روز سے اموات میں اضافے کا یہ سلسلہ جاری ہے۔

چین کے قومی کمیشن برائے صحت نے جمعے کو ایک ہزار 983 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ سانس کے حوالے سے تکلیف کی ممکنہ علامات پر ایک لاکھ 2 ہزار افراد طبی طور پر زیر نگرانی ہیں۔

دو روز قبل روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کے شہر ووہان میں موجود 4 پاکستانی طلبہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لوگوں کے عجیب و غریب اقدامات

انہوں نے بتایا تھا کہ چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں بڑی تعداد طلبہ کی ہے جو مختلف صوبوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ وائرس کے مرکز شہر ووہان میں 500 کے قریب پاکستانی طلبہ ہیں۔

دوسری جانب طلبہ سمیت کئی پاکستانیوں کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں انہوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی اور پاکستان واپس لے جانے کا مطالبہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024